Live Updates

عمران خان محرم کے احترام میں دھرنا ختم کر دیں،جماعت اہلسنّت کے 50 جیّد علماء و مشائخ کی اجتماعی اپیل

بدھ 22 اکتوبر 2014 20:30

عمران خان محرم کے احترام میں دھرنا ختم کر دیں،جماعت اہلسنّت کے 50 جیّد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ سمیت 50 جیّد علماء و مشائخ نے اپنی اجتماعی اپیل میں کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرح عمران خان بھی محرم کے احترام میں دھرنا ختم کر دیں اور دھرنے کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں کیونکہ اس وقت محرم کے دوران قیام امن کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

ملک اس وقت عالمی اور علاقائی سازشوں کی زد میں ہے۔ بھارتی دھمکیوں کا تقاضا ہے کہ قومی قیادت سیاسی محاذ آرائی چھوڑ کر بھارت کو قومی یکجہتی کا پیغام دے۔ اس وقت پاکستان کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ عمران خان دھرنا ختم کر کے آئی ڈی پیز اور سیلاب زدگان کی مشکلات و مصائب کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

سازشوں میں گھرا پاکستان سیاسی مہم جوئی اور سیاسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے قوم کو تقسیم نہیں متحد کرنا ہو گا تاکہ پاکستان دشمن سازشوں کا راستہ روکا جا سکے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ قوم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ اجتماعی اپیل جاری کرنے والوں میں صاحبزادہ غلام صدیق نقشبندی، پیر سیّد خضر حسین شاہ، مفتی محمد اقبال چشتی، علامہ حافظ فاروق خان سعیدی، پیر سیّد شمس الدین بخاری، صاحبزادہ خالد سلطان، مفتی فضل جمیل رضوی، علامہ بشیر القادری، مولانا الله بخش رضا، مولانا محمد حنیف چشتی، علامہ قاری خالد محمود نقشبندی، پیر سیّد فدا حسین شاہ، علامہ خالد حسن مجددی، الحاج شیخ امجد علی چشتی، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، مفتی لیاقت علی، علامہ رضوان انجم، پیر سیّد غلام یٰسین شاہ، صاحبزادہ محمد عثمان غنی، مولانا ابرار احمد رحمانی، مولانا قاری نذیر احمد قادری، مولانا شیر محمد نقشبندی، پیر سیّد امجد عزیز شاہ، صاحبزادہ عبدالمالک، مولانا منظورعالم سیالوی، پیر سیّد سرور حسین شاہ موسوی، علامہ باغ علی رضوی، علامہ حافظ سخی احمد خان اور دیگر شامل ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات