گجرات جلسے میں خستہ حال بالکونی میں سٹیج لگانے کی تیاریاں

بدھ 22 اکتوبر 2014 20:03

گجرات جلسے میں خستہ حال بالکونی میں سٹیج لگانے کی تیاریاں

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2014ء) گجرات میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں ظہور الٰہی سٹیڈیم کے خستہ حال بالکونی پر سٹیج لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس کو مضبوط بنانے کے لیے عارضی ستون لگائے جا رہے ہیں۔سرکاری انتظامیہ کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر زیادہ لوگ سٹیج پر چڑھ جاتے ہیں تو اس کے گرنے کا بھی شدید خطرہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او گجرات لیاقت چٹھہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو اس سٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہے تھے لیکن اگر سختی کرتے ہیں تو ایشو بنایا جا ئے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو متبادل گراؤنڈ کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے قبول نہیں کی،اگر پویلین میں زیادہ لوگ آ جاتے ہیں تو خطرات بڑھ جائیں گے۔پی ٹی آئی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرکاری انتظامیہ خطرات کے خدشے ظاہر کرتی رہتی ہے لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے۔سٹیج کے نیچے ستون لگا کر اسے مضبوط بنا دیا گیا ہے ، سٹیج کو کوئی خطرہ نہیں۔