وزیراعظم نواز شریف صحت سمیت دیگر ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں بھی توسیع کا اعلان کریں‘ ایم ٹی اے پی جی ایم آئی

بدھ 22 اکتوبر 2014 19:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سکندر حیات گوندل نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے دوران ملازمت وفات پاجانے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لیے خصوصی مالی پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر سکندر حیات گوندل نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے مالی پیکج کی منظوری دے کر واضح پیغام دیا ہے کہ وہ نہ سرکاری ملازمین کے سب سے بڑے ہمدرد ہیں بلکہ ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے اپیل کی کہ سرکاری ملازمین خصوصا صحت اور اس کے متعلقہ شعبوں میں ریٹائرمنٹ کی عمر 60سال سے بڑھا کر 62سال کردیں کیونکہ صحت عامہ کے بڑھتے ہوئے مسائل اور نت نئی بیماریوں اور وباوٴں کی وجہ سے سینئر ڈاکٹرز کی ضرورت پہلے سے بھی بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سینئر معالجین نہ صرف صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل میں کلیدی کردار کے حامل ہیں بلکہ نوجوان ڈاکٹرز کی تربیت اور ان کے علم میں اضافے کے لیے بھی ان کی طویل تر خدمات ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے دوران ملازمت وفات پانے والے گریڈ 1تا 16کے لواحقین کے لیے 25لاکھ، گریڈ 17تا 20کے لیے 50لاکھ جبکہ اس سے اوپر گریڈ کے ملازمین کے اہلخانہ کو 1کروڑ روپے مالی امداد دینے کی منظوری دی ہے۔

متعلقہ عنوان :