عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے اور ان کی توقعات پر پورا اتریں گے،شہبازشریف

بدھ 22 اکتوبر 2014 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی -وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیاہے -یہ مینڈیٹ عوام کی بے لوث خدمت کرنے اور ملک کو مسائل سے نکالنے کاہے،لہذا عوامی نمائندے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں - انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت مینڈیٹ کی لاج رکھے گی اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے-انہوں نے کہا کہ مستحکم جمہوری نظام اور ترقی و خوشحالی آپس میں لازم و ملزوم ہیں-مسلم لیگ(ن) ، اس کی قیادت اور کارکنوں نے ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور آئین کی بالادستی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں-انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفاد کو مقدم رکھاہے- ذاتی مفادات کے حصول کے لئے قومی مفادات کو پس پشت ڈالنا دانش مندی نہیں-پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کے لئے پرعزم ہے - ملاقات کرنے والوں میں اراکین اسمبلی راجہ عبدالحنیف،ظفر اقبال، نعیم الله گل، نازیہ راحیل ، سید محمدمحفوظ مشہدی اور محمد زبیر خان شامل تھے