پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کریں، نواز شریف

بدھ 22 اکتوبر 2014 19:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئیتمام سیاسی جماعتوں کے کردار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی مسائل کو پارلیمنٹ کے فورم پر زیر بحث لا کر حل کیا جائے ، حکومت اپوزیشن جماعتوں کی شمولیت سے مشاورتی عمل کے ذریعے گڈ گورننس یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے ، ملکی معیشت کی بہتری اور غریبوں کو ریلیف کی فراہم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

بدھ کوپارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے چیمبر میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے زیر صدارت پارلیمانی پارٹی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے زور دیا کہ تمام سیاسی مسائل کو پارلیمنٹ کے فورم پر زیر بحث لا کر حل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں سمیت مشاورتی عملی کے ذریعے ملک میں گڈ گورننس یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے اور غریبوں کو زندگی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ریلیف کی فراہمی اور ملک کی معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف جرأت مندی سے لڑ رہی ہے اور ایک پر امن اور محفوظ پاکستان یقینی بنانے کیلئے قربانیاں دے رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے استعفے منظور نہ کر نے کا فیصلہ کیاگیا اوراستعفوں کی منظوری موخررکھنے کا فیصلہ کیا گیاشرکاء نے اجلاس میں متفقہ رائے دیتے ہو ئے کہا کہ تحریک انصاف کے استعفے قبول کرنے سے بحران پیدا ہوگا، استعفے فی الحال قبول نہ کیے جائیں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے ضمنی انتخابات کرانا بھی مشکل ہوگا۔

اجلاس میں طاہرالقادری کے دھرنا ختم کرنے کو خوش آئند قراردیا گیا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن نے کہاکہ تحریک انصاف کے استعفے قبول کرنے سے سنگین بحران پیدا ہوگا،بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنی چاہیے نہ کہ ضمنی انتخابات کی طرف جانا چاہیے،ہم چاہتے ہیں کہ جمہوری نظام چلتا رہے۔ اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہاکہ جاوید ہاشمی نے جمہوریت کے لئے قربانی دی اور ہم سب نے ان کا ساتھ نہیں دیا جو قابل افسوس ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن ، ڈاکٹر فاروق ستار، محمود خان اچکزئی ، حاجی غلام احمد بلور ، محمد اعجاز الحق ، آفتاب احمد خان شیر پاؤ ، عبد الرشید گوڈیل ، صاحبزادہ طارق اللہ ، ڈاکٹر غازی گلاب جمال، سینیٹر عباس خان آفریدی ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، وزیر سیفران عبد القادر بلوچ، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد اور وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :