پاکستان اور ایران کامستقبل میں کسی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بڑھانے پر اتفاق ،آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان رابطہ بڑھایا جائے گا ،اجلا س میں فیصلہ

بدھ 22 اکتوبر 2014 19:08

پاکستان اور ایران کامستقبل میں کسی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے انٹیلی ..

تہران/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) پاکستان اور ایران مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے افواج کے درمیان رابطے اور انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بڑھانے پر متفق ہو گئے ہیں۔پاک ایران سرحد پر کشیدگی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تہران میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ایف سی بلوچستان کے چیف میجر جنرل اعجاز شاہد اور ایرانی سرحدی فورس کے سربراہ جنرل قاسم رضائی نے شرکت کی۔

فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ترجمان خان واسع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس اجلاس میں گزشتہ دنوں پاک ایران سرحد پر رونما ہونے والے واقعات پر بات کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان رابطہ بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انٹیلی جنس معلومات بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا اور یہ بھی فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کسی بھی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں ہو سکتے، لہذا سرحدوں کی کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔

ایف سی ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا کہ دونوں ممالک کے لیے دہشت گردی کے خلاف لڑنا اب ناگزیر ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے ہوم سیکریٹری اکبر حسین درانی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پاکستان اور ایران کے مشترکہ سرحدی کمیشن کا اجلاس 9 اور 10نومبر کو تہران میں ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عسکریت پسندوں نے پاک ایران سرحد کے ساتھ ساتھ ایرانی سرحدی چوکیوں پر حملے کیے تھے۔

متعلقہ عنوان :