کارکردگی سے متعلق گورنر پنجاب کا بیان پلڈاٹ سروے سے زیادہ معتبر ہے‘ میاں محمود الرشید

بدھ 22 اکتوبر 2014 18:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کے پی کے اور پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق گورنر پنجاب کا بیان پلڈاٹ سروے سے زیادہ معتبر ہے، پنجاب میں ڈینگی ختم ہوا نہ کسان سیلابوں سے محفوظ ہوئے،مہنگائی کنٹرول ہوئی نہ جرائم ، سکول نہ جانے والے 60فیصد بچے پنجاب میں رہتے ہیں، نندی پور اور قائداعظم سولر پاور منصوبے کرپشن کی زندہ مثالیں ہیں، یہ کونسی گورننس اور کارکردگی ہے؟ ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پلڈاٹ سروے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا، ایک ایسے موقع پر جب بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غارت گری پر عوام شدید غم و غصہ میں گو نواز گو کے نعرے لگا رہے ہوں ایسے موقع پر کوئی حقیقی سروے ادارہ شریف برادران کو مقبولیت کی سند کیسے جاری کرسکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تحریک انصاف کی حکومت کا یہ کریڈٹ ہے کہ اس نے 15 ماہ کے مختصر عرصہ میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا اور پولیس اور ریونیو کے محکموں کو عوام کا خادم بنایا جبکہ پنجاب میں یہ دو محکمے عوام کے جان و مال سے کھیل رہے ہیں اور ان دونوں محکموں نے پنجاب میں خاندانی دشمنیوں کو ہوا دی ، انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں بغیر رشوت کے ایف آئی آر درج ہوتی ہے اور شہریوں کو فرد ملتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اس وقت ڈاکٹروں کی 8 ہزار اسامیاں خالی ہیں، ایک سال میں جماعت نہم اور دہم کے 30 لاکھ بچے سرکاری سکول چھوڑ گئے، سٹریٹ کرائم میں 110 فیصد اضافہ ریکارڈ پر ہے، ہر سال 3لاکھ 52 ہزار بچے 5سال کی عمر کو پہنچنے سے پہلے ہی مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ان میں اکثریت پنجاب سے ہے ،پنجاب حکومت پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات ہیں اور حکمرانوں نے اس حوالے سے اصلاح کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی ،انہوں نے کہا کہ ن لیگ مقبول نہیں مقبولیت کھو رہی ہے جس کا ایک ثبوت ملتان کے ضمنی الیکشن کا انتخابی نتیجہ اور عمران خان کے تاریخ ساز جلسے ہیں۔

متعلقہ عنوان :