ایبٹ آباد میں (کل)جلسہ اور اگلے دن ہری پور میں دھرنا ہوگا ،ڈاکٹر طاہرالقادری کاعلان ، عوامی تحریک کے جلسوں میں عوام نے شرکت کر کے موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف فیصلہ سنادیا ہے، قائد پاکستان عوامی تحریک

بدھ 22 اکتوبر 2014 18:48

ایبٹ آباد میں (کل)جلسہ اور اگلے دن ہری پور میں دھرنا ہوگا ،ڈاکٹر طاہرالقادری ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ہماری کسی سے بھی ڈیل ہوئی ہے نہ آئندہ کبھی ہوگی ۔ڈیل کی افواہیں پھیلانے والے خود ڈیل کے تحت زندگی گزاررہے ہیں ڈیل کی باتیں کرنے والے پوری دنیا کی دولت ملا کر میر ا جوتا بھی نہیں خرید سکتے۔ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے خون سے کبھی غداری کاسوچ بھی نہیں سکتے۔

دھرنے کو ناکام کہنے والے فیصل آباد اور لاہور کے جلسے دیکھ لیں عقل سے کام لیں۔ جلسوں میں سول سوسائٹی اور عوام کی بھرپور شرکت نے دھرنوں کی کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ عوامی انقلاب دھرنے نے پوری قوم کے شعور کو بیدار کر دیا ہے، اس نظام کے خلاف عوام میں نفرت پیدا ہوئی ہے۔عوام میں اپنے حقوق کے حصول کیلئے جوش پیدا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا نے عوامی شعور کو بیدار کرنے میں جو کردار ادا کیا اور حکمرانوں کی کرپشن کو جس طرح بے نقاب کیا ہے وہ حکمرانوں کو برداشت نہیں ہوا ۔

دھرنوں کی وجہ سے عوامی تحریک کے جلسوں میں عوام نے شرکت کر کے موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف فیصلہ سنادیا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد سے ایبٹ آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ٓاج ایبٹ آباد میں جلسہ اور اگلے دن ہری پور میں دھرنا ہوگا۔پی ٹی آئی کے دھرنے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاپی ٹی آئی کادھرنا ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ان کااپناہوگا۔

دھرنوں نے تحریک کے کارکنان اور پاکستانی عوام کو ایک نئی قوت اور حوصلہ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری منزل انقلاب ہے اور ہم قومی حکومت کے قیام کیلئے کوشاں رہیں گے ۔ احتساب اور پھر انتخابی اصلاحات کرانے کے بعد انتخابات میں حصہ لیں گے اور اگر انتخابی اصلاحات کے بغیر بھی انتخابات مسلط کئے گئے تو انتخابات کا میدان لٹیروں،جاگیرداروں،سرمایہ داروں کیلئے کھلا نہیں چھوڑیں گے۔انتخابی اتحاد کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 25تاریخ کو اتحادی جماعتوں کااجلاس عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوگا۔جس میں انتخابی اتحاد کے بارے میں ابتدائی بات چیت ہوگی ۔