سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کی صدارت میں محکمہ بلدیات کے اعلیٰ افسران کا اجلاس

بدھ 22 اکتوبر 2014 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کی صدارت میں محکمہ بلدیات کے اعلیٰ افسران کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات اور محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام انتظامات کو مکمل کئے جانے کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت صوبے بھر کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنرز، ٹاؤن میونسپل کمشنرزکو ہدایات دی ہیں کہ یکم تا بارہ محرم الحرام تک صوبے بھر کے تمام ڈسٹرکٹس اور واٹر بورڈ میں ایمرجنس نافذ کی جائے اور تمام اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی جائیں۔

شرجیل میمن نے اجلاس کے دوران ہدایات دی ہیں کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل ہی مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر کارپیٹنگ اور صفائی کے کاموں کو مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں میں شرکاء کے لئے پینے کا صاف پانی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ صوبے بھر میں اسٹریٹ لائٹس، جلوسوں اور مجالس کے اطراف خصوصی لائٹس کا انتظام کیاجائے۔

تمام امام بارگاہوں اور مجالس کے اطراف راستوں کی روزانہ کی بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ شرجیل میمن ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنرز، ٹاؤن میونسپل کمشنرز کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں محرم الحرام سے قبل انتظامات کو مکمل کرلیں۔انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈکو کراچی میں بالخصوص مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں سیوریج کی لائنوں کو فوری طور پر درست کرکے وہاں سے پانی کی روانی کو بہتر بنانے کی بھی ہدایات دی ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اور بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران جہاں امن و امان کی صورت حال کو فل پروف بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں وہاں محرم الحرام کے دوران کراچی سمیت صوبے بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو بھی تمام تر سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں پہلے ہی ماہانہ صفائی اور انسداد تجاوزات مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں محکمہ بلدیات نے جہاں سالہا سال سے پڑے کوڑے کرکٹ کا ٹھکانے لگادیا ہے وہاں غیر قانونی طور پر رفاہی پلاٹس، کھیلوں کے میدان اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضے بھی ختم کروادئیے ہیں جبکہ واٹر بورڈ کی جانب سے شہر بھر میں چلنے والے 90 غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ میں سے تاحال 84 غیر قانونی ہائیڈرینٹ کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور باقی مانندہ کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دروان مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس سلسلے میں ان تمام افسران پر واضح کردیا گیا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل ہی تمام انتظامات کو مکمل کرلیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :