کوئٹہ، مفتی محمود کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے، ملکی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہونگے،رکن قومی اسمبلی محترمہ آسیہ ناصر

بدھ 22 اکتوبر 2014 17:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) جمعیت علماء اسلام کی رکن قومی اسمبلی محترمہ آسیہ ناصر نے کہا ہے کہ آج(جمعرات) کو کوئٹہ میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس کے ملکی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اقلیتی یونٹوں کے امراء اور ناظمین عمومی مفتی محمود کانفرنس میں شرکت کیلئے 2بجے بستی پنچائیت کانسی روڈ سے روانہ ہونگے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں محترمہ آسیہ ناصر نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی ہے اورقائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پارٹی اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمود نے ملک کو متفقہ آئین دینے میں اہم کردار ادا کیا انکی یاد میں کوئٹہ میں ہونے والی کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے جسکے ملکی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف )اقلیتون کو مساوی حقوق دیتی ہے اوراقلیتوں کے حقوق کا ہر فورم پر تحفظ کیا ہے بلوچستان میں جمعیت علماء اسلام عوام کی ہر دلعزیز اور مقبول جماعت بن چکی ہے بلوچستان کی اقلیتی برادری جوق در جوق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن ‘ مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری ، صوبائی صدر مولانا فیض محمد ، جنرل سیکرٹری ملک سکندر خان ایڈؤوکیٹ کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتی ہے بیاد مفتی کانفرنس کے انعقاد سے جمعیت کے کارکنوں میں مزید دینی ،سیاسی بیداری کا آغاز ہوا ہے۔

آسیہ ناصر نے کہا کہ مفتی محمود کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام اقلیتی یونٹوں کے امراء ، ناظمین عمومی دو آج(جمعرات) کو دو بجے بستی پنچائیت کانسی روڈ سے انکی قیادت میں ریلی کی صورت میں روانہ ہونگے۔