مسلم لیگ(ق) نے اپوزیشن لیڈر کے استعفیٰ دینے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی سے رولنگ مانگ لی

بدھ 22 اکتوبر 2014 16:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ(ق) کے پارلیمانی لیڈرسردار وقاص حسن موکل نے اپوزیشن لیڈر کے استعفیٰ دینے پر اسپیکر رانا محمد اقبال سے رولنگ مانگ لی۔

(جاری ہے)

منگل کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں سردار وقاص حسن موکل نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے استعفیٰ دیدیا ہے اور اس وقت ایوان میں اپوزیشن لیڈر نہیں ہے ، یا تو ان کے استعفے منظور کیے جائیں یا اس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی اپنی رولنگ دیں ۔

جس پر اسپیکر نے کہا کہ ابھی ان کے استعفے منظور نہیں کئے گئے اس لئے وہ اس ایوان کے رکن اور اپوزیشن لیڈر بھی ہیں۔دو تین مرتبہ اپوزیشن کے اراکین کو پیغام پہنچائے ہیں کہ وہ بتائیں کہ استعفے انہوں نے اپنی مرضی سے دئیے ہیں یا کسی دباؤ کی وجہ سے دئے ہیں۔اگر اپوزیشن لیڈر اسمبلی نہیں آ رہے تو یہ ان سے پوچھا جائے کہ وہ کیوں نہیں آرہے میں اس کا جواب نہیں دے سکتا۔