شوکت خانم کے برطرف ڈاکٹروں کا اسپتال کے سامنے مظاہرہ

بدھ 22 اکتوبر 2014 16:40

شوکت خانم کے برطرف ڈاکٹروں کا اسپتال کے سامنے مظاہرہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء)لاہور میں شوکت خانم اسپتال کی انتظامیہ نے 7 ڈاکٹروں کو برطرف کر دیا، جس پر برطرف ڈاکٹروں نے اسپتال کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا کر مظاہرہ کیا،اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہےکہ برطرف کیے جانیوالے ڈاکٹروں نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی ہے،شوکت خانم اسپتال کے 7 برطرف ڈاکٹروں نے اسپتال کے باہر احتجاجی کیمپ لگا کر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔

(جاری ہے)

برطرف ڈاکٹروں نے الزام لگایا کہ صرف4 ڈاکٹر بچوں کا کینسر ڈیپارٹمنٹ چلا رہے ہیں، برطرف ڈاکٹروں میں بچوں کے کینسر ڈیپارٹمنٹ کی انچارج ڈاکٹرشازیہ بھی شامل ہیں، ڈاکٹرشازیہ کو مبینہ طور پر اسپتال انتظامیہ سے جھگڑے پر برطرف کیا گیاجبکہ 6ڈاکٹروں کوان کا ساتھ دینے پرنکالا گیا ہے۔ ڈاکٹر شازیہ نے بتایا کہ اسپتال میں جو سچ بات کہتا ہے،اسے نکال دیا جاتا ہے ، دوسری طرف اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو بھی اسپتال قوانین کی خلاف ورزی کرے گا،اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔