سینٹ میں بچیوں سے زیادتی کے واقعات پر سینیٹر حمداللہ کے بیان پر خواتین سینیٹرز سیخ پاء

بدھ 22 اکتوبر 2014 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) سینٹ میں بچیوں سے زیادتی کے واقعات پر سینیٹر حمداللہ کے بیان پر خواتین سینیٹرز سیخ پاء ہوگئیں او واک آؤٹ کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے سامنے آکر سینیٹر حمداللہ کے بیان کیخلاف احتجاج کیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد‘ مسلم لیگ (ن) کی بیگم نجمہ حمید اور اے این پی کی فرح عقیل نے کہا کہ سینیٹر حمداللہ کا خواتین کے حوالے سے سینٹ میں بیان غیراخلاقی ہے۔

عورتوں اور بچیوں کیساتھ ریپ ہونا ایک قومی مسئلہ ہے۔ عورتوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ سینیٹر حمداللہ کے بیان سے عورتوں کی تذلیل ہوئی ہے اور مولانا طاہر اشرفی کے موقف سے بھی ہمیں اختلاف ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 18 سال سے کم عمر لڑکی کی بھی شادی کردینی چاہئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سینیٹر حمداللہ نے سینیٹ میں خواتین اور بچیوں کیساتھ ریپ کے حوالے سے ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے بیان دیا تھا کہ عورتوں کی شادیاں نہیں ہوتیں جس کی وجہ سے عورتوں اور بچیوں کیساتھ ریپ ہوتا ہے۔

چالیس سال سے پہلے عورتوں کی شادی کردینی چاہئے اور اٹھارہ سال سے کم عمر لڑکیوں کی بھی شادی کروائی جاسکتی ہے۔ سینیٹر الماس پروین نے کہا کہ عورتوں کی شادی نہ ہونا ان کا ذاتی معاملہ ہے۔ سینیٹر حمداللہ کا بیان موضوع سے ہٹ کر ہے جس سے ملک کی ہر عورت کو دکھ پہنچا ہے۔۔(قیصر/عمار)