دھرنوں کی سیاست بے سود ،عوامی تحریک دھرنوں کی سیاست کی دوبارہ غلطی نہیں کرے گی‘ تنویر اشرف کائرہ

بدھ 22 اکتوبر 2014 15:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے دھرنوں کی سیاست کو بے سود قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا دھرنے کو ختم کرنے کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے شروع کے موقف کی تائید ہے جو اس طرزِ سیاست کی مخالف تھی، اب پاکستان عوامی تحریک دھرنوں کی سیاست کی دوبارہ غلطی نہیں کرے گی ،پاکستان تحریک انصاف کی قسمت آزمائی کا بھی یہی انجام ہو گا، اب انکے دھرنوں میں جوش و جذبے میں قابل رحم حد تک کمی آگئی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ سراسر غیر آئینی ہے۔ انہوں نے انکو مشورہ دیا کہ وہ اب بھی پارلیمنٹ میں بیٹھ کر قومی مسائل کو حل کرنے کی خلوص نیت سے کوشش کریں جس سے انکو ایک واپسی کا باعزت راستہ بھی مل جائے گا اور پارلیمنٹ کے ادارے کی توقیر میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اس وقت پارلیمنٹ کی اہمیت کو کم کرنے کی کوششیں انکے سیاسی مستقبل پر منفی اثرڈالیں گی۔

تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو بھی مئی 2013ءء کے انتخابات پر تحفظات تھے لیکن اسکے باوجود پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے جمہوریت کے تسلسل کی خاطر نتائج کو تسلیم کیا ۔ تنویر اشرف کائرہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی قائدانہ صلاحیتیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دے دےئے جس سے جمہوریت کا مستقبل محفوظ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتے تو 58(2)B کی تلوار حکومت کے سر پر لٹکتی رہتی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدور نے ان صدارتی اختیارات کو ماضی میں جمہوری حکومتوں کے خلاف بڑی بے رحمی سے استعمال کیا اسکے باوجود کہ انکے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت کی حمایت حاصل تھی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے موجودہ جاری سیاسی بحران میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گی جس سے جمہوریت کا مستقبل پائیدار بنیادوں پر محفوظ ہو گا۔

تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت دوست پالیسی کا اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے کہ اس میں اپوزیشن پارٹی ہونے کے باوجود حکومت کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مشورہ دیا جس سے جمہوریت دشمن طاقتوں کو پسپائی ہوئی اور جمہوری حکومت میں اعتماد بحال ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی بحیثیت اپوزیشن پارٹی کے ایشو کی بنیاد پر سیاست کرنے میں پرعزم ہے اور کسی طرح بھی جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے کی اجازت نہیں دیگی۔