جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام اور عدالتوں سے سخت سزا دلانے کے لئے قانون سازی کی جائیگی ‘انجینئر بلیغ الرحمن

بدھ 22 اکتوبر 2014 15:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام اور عدالتوں سے سخت سزا دلانے کے لئے قانون سازی کی جائے گی-میٹرو بس سروس منصوبے کی تکمیل سے لوگوں کو سفر میں آسانی ہو گی ‘پانچ سال کے دوران سول ڈیفنس کے محکمہ میں 70 رضا کار تعینات کئے گئے۔ بدھ کو وقفہ سوالات کے دور ان حاجی غلام علی، سید طاہر حسین مشہدی اور سینیٹر تاج حیدر کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن نے کہا کہ یہ درست ہے کہا سلام آباد میں سرکاری ٹرانسپورٹ کام نہیں کر رہی تاہم اسلام آباد کے مختلف روٹس پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹ چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ رواں سال 31 دسمبر تک مکمل ہونا تھا اب آئندہ سال 31 جنوری تک اس کا افتتاح ہو جائے گا، اس کے علاوہ مزید تین روٹس پر ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ لاہور میں کامیابی سے چل رہا ہے، اسلام آباد کے لوگوں کو بھی اس سے فائدہ ہو گا۔ انجینئر بلیغ الرحمن نے ایوان کو بتایا کہ پچھلے پانچ سال میں رضا کاروں کو 54 لاکھ 88 ہزار 900 روپے معاوضے کے طور پر ادا کئے گئے، انہیں مستقل کرنے کا ابھی کوئی منصوبہ نہیں ہے، ضرورت کے مطابق ان کی تعداد میں کمی بیشی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں زرعی شعبہ غیر موسمی سبزیوں کی پیداوار کے لئے گرین ہاؤسز کی تعمیر جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے اور پلانٹس کے قیام کے لئے کسانوں کی تربیت اور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اس سلسلے میں کسانوں کی مالی اور تکنیکی معاونت کی جاتی ہے جس سے ملک کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جنسی واقعات قابل مذمت ہیں، کوئی بھی معاشرہ اس کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ملک میں رجسٹرڈ شدہ جنسی زیادتی کے کیسوں کی کل تعداد 14 ہزار 583 ہے، ان کیسز میں پانچ سال میں 1041 ملزموں کو سزا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام اور عدالتوں سے سخت سزا دلانے کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔