قومی وطن پارٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کردیا،

بجلی کی نرخوں میں اضافہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے،سکندرحیات شیرپاؤ

منگل 21 اکتوبر 2014 18:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی نرخوں میں اضافہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے کیونکہ ہمارا صوبہ سستی بجلی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار PK-21 میں پارٹی کے عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ صریح نا انصافی اور بلاجواز ہے کیونکہ لوگ پہلے ہی بھاری بھرکم بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کا سامنے کرنا پڑرہا ہے جس سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ تاجر اورصنعت کار بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاؤ نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے کیونکہ اس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کے ذمے پن بجلی کی مد میں خالص منافع کا ایک روپے بھی وصول نہیں کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو صوبے کے حقوق اور عوام کے مسائل کا نہ ہی ادراک ہے اور نہ ہے وہ ان کے حل میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور صوبے کی ترقی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی کا احساس دن بدن بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بدامنی اور لاقانونیت عروج پر ہے ، اغواء کاروں ، بھتہ خوروں اور دوسرے جرائم پیشہ عناصر نے عوام کا جینا حرام کررکھا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور وہ پختونوں کی ترقی اور خطے میں امن کے قیام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی

متعلقہ عنوان :