آصف علی زرداری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر،

سابق چیف جسٹس پر تنقید

منگل 21 اکتوبر 2014 18:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے خلاف گفتگو کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست ایڈووکیٹ رائے ریاض حنیف راہی نے دائر کی ہے۔درخواست میں خبر شائع کرنے والے دو مقامی روزناموں کو بھی فریق بنایا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے انتخابات جیتنے کیلئے عدلیہ کے خلاف نعروں کو بطور ہتھیار استعمال کررہے ہیں۔ 13 اکتوبر کے شائع شدہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر نے عدالت کو بدنام کرنے کی جان بوجھ کر کوشش کی ہے۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری پر بھی الزامات عائد کئے ہیں اور غلط ناموں سے پکارا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سابق صدر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔