ڈنمارک کے پہلے سرکاری تجارتی وفدکاپاکستان کا دورہ

منگل 21 اکتوبر 2014 17:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء)ڈنمارک کاپہلاسرکاری تجارتی وفدکاروبارکے نئے مواقع اور شراکت دار تلاش کرنے کے لئے پاکستان کادورہ کر رہاہے ،جس میں مختلف شعبوں کی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں،کچھ کمپنیاں پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کریں گی۔ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تجارتی حجم بڑھ رہا ہے لیکن مزیدکاروبار کے مواقع بھی موجود ہیں۔

ان خیا لات کا اظہار ڈنمارک کے سفیر جسپر مولر سورنسن نے کیا جو پاکستان کے دورے کے دوران تجارتی وفد کے ہمراہ ہونگے۔یہ وفد رواں ہفتے لاہور ،کراچی اور اسلام آباد میں ممتاز پاکستانی کمپنیوں سے ملاقات کرے گا۔ان تمام شہروں میں مختلف کمپنیوں کے ساتھ مخصوص کاروباری سیمینارز کا بھی انعقاد بھی کیا جائے گااس کے علاوہ ڈنمارک کی کمپنیاں وسیع کاروباری شراکت کے لیے کراچی اور اسلام آباد میں ہونیوالی استقبالیہ تقریبوں میں بھی شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

یہ اقدام پاکستان میں ڈنمارک کے سفارتخانے نے ڈینش انڈسٹریز کی کنفیڈریشن کے تعاون سے کیاگیا ہے۔ تجارتی وفد پروگرام کے تحت پالیسی سازوں سے بھی ملاقات کرے گا۔ یہ وفد لاہور میں وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور اسلام آباد میں وزیر تجارت خرم دستگیر خان سے ملاقات میں پاکستان میں کاروبارکرنے کے فریم ورک اور حالات کا جائزہ لے گا۔ڈنمارک کے سفیر جسپر مولر سورنسن نے کہا کہ ڈنمارک کے تجارتی وفد کے دورہ پاکستان سے میں بڑا خوش ہوں۔

کچھ ڈنمارک کی کمپنیاں کافی عرصے سے پاکستان میں متحرک ہیں اور بڑا اچھا کام کر رہی ہیں لیکن ابھی بہتری کی بڑی زیادہ گنجائش ہے،دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی حقیقی صلاحیت موجودہ تجارتی حجم 425 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ڈنمارک کی انڈسٹریز کی کنفیڈریشن میں بین الاقوامی تجارت ومارکیٹ کی ترقی کے ڈائریکٹرمسٹر جینس ہولسٹ نیلسن نے کہا کہ ڈنمارک کے تجارتی وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت تبدیلی آئے گیا۔

مسٹر جینس ہولسٹ نیلسن نے کہا کہ ہماری اس دورے سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور پاکستانی کمپنیاں اور اعلی حکام دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجوددوستانہ تعلقات کازندہ ثبوت ہیں،مجھے امید ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔مسٹر جینس ہولسٹ نیلسن نے بتایا کہ ڈنمارک کے کاروباری وفد میں مختلف کاروباری طبقوں کے نمائندے شامل ہیں جس میں بڑی صنعتوں سے لے کرخدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں شامل ہیں جس سے ڈنمارک کی کمپنیوں اور حکام کے ساتھ نئے تجارتی تعلقات شروع کرنے میں دلچسپی کی عکاسی ہوتی ہے۔

ڈنمارک کے تجارتی وفد میں ایلکٹیا، ایف ایل سمتھ،ہالڈر ٹوپسوئے،رامبول،فلک گلوبل اسسٹنس،اور ڈی این پی ڈنمارک کے نما ئندوں کے علاوہ،محکمہ خزانہ،ترقی پزیر ممالک کے لئے ڈینش سرمایہ کاری فنڈ اور ڈنمارک کی انڈسٹریز کی کنفیڈریشن کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ڈنمارک کے سفیر سورنسن نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں مما لک کے درمیان تجارتی تعلقات کے نہ صرف اقتصادی فوائد حاصل ہونگے بلکہ ہمارے تجارتی تعلقات کا مقصدپاکستان میں روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ڈنمارک کی حکومت نے پاکستان میں کاروبار کی خواہاں ڈینش کمپنیوں کی مدد کے لیے ڈینش سفارتخانے کے لیے اضافی وسائل مختص کیے ہیں۔