احتجاجی سیاست کے ذریعے قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والے اپنے منفی طرز عمل پر غورکریں،شہبازشریف

منگل 21 اکتوبر 2014 17:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی جن میں صوبائی وزیر کوآپریٹو اقبال چنڑ، ارکان اسمبلی چوہدری فیصل فاروق چیمہ، سید حسین جہانیاں گردیزی، سردار بہادر خان میکن، پیرخضر حیات شاہ کھگہ، احسان الحق باجوہ اور چوہدری محمد اکرم شامل تھے۔

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے اور احتجاجی سیاست کے ذریعے قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والے اپنے منفی طرز عمل پر غورکریں ۔ملک کٹھن دور سے گزر رہاہے ، توانائی بحران او رانتہا پسندی کے عفریت کا سامنا ہے ۔ ان حالات میں قوم کو تقسیم کرنے کی سیاست کسی طو رپر ملک وقوم کے مفاد میں نہیں اور بے وقت کے دھرنے اور تخریبی سیاست نے ملک وقوم کے مسائل میں اضافہ کیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھ کر محنت کرنے والی قومیں ہی دنیا میں سرخرو ہوئی ہیں اورہم بھی اتحاد کی قوت سے وطن عزیز کو مسائل سے چھٹکارا دلا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاہر قدم عوام کی فلاح اور ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے اٹھ رہاہے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔