حکومت گیس فراہمی کے عمل میں موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین کو سہولت دے گی، اسحاق ڈار

منگل 21 اکتوبر 2014 17:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت گیس فراہمی کے عمل میں موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین کو سہولت دیگی جبکہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے رکھنے والے صنعتی شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی۔ منگل کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں ملک میں گیس کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں آئی ایم ایف کے آئندہ جائزے سے قبل مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس میں گھریلو ، تجارتی اور صنعتی صارفین کو گیس فراہمی سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور زور دیا گیا کہ موسم سرما میں ضروریات میں واضح اضافے کے پیش نظر گیس سپلائی اور ذخائر سے متعلق امور کو محتاط انداز میں منظم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے خواہاں ہے جبکہ صنعتی شعبیپر بھی گیس فراہمی کے حوالے سے خصوصی توجہ دی جائیگی جو کہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔

اجلاس کو وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کی طرف سے آگاہ کیا کہ ایل این جی کی فراہمی آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہو جائیگی جو گیس پر چلنے والے بجلی گھروں کیلئے استعمال کی جائیگی۔اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود ، سیکرٹری پیٹرولیم و قدرتی وسائل عابد سعید ، وزارت خزانہ کے مشیر رانا اسد امین اور دیگر سینئر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :