پنجاب اسمبلی میں صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر ز،ڈپٹی سپیکر ز کو ڈپلومیٹک اور ممبران و سینئر افسران اسمبلی کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنیکی قرارداد منظور

منگل 21 اکتوبر 2014 16:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء ) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر زاور ڈپٹی سپیکر ز کو ڈپلومیٹک اور ممبران و سینئر افسران اسمبلی کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے ،زیادہ تی کا شکار لڑکیوں اور خواتین کی فوٹیج بار بار دکھانے پر پابندی اورنوجوان نسل میں منشیات کے استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور، دو مسترد جبکہ ایک قرارداد محرک کی عدم موجودگی کیوجہ سے موخر دکردی ۔

پنجاب اسمبلی کے منگل کے اجلاس میں پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر مفاد عامہ کی تین قراردادیں متفقہ منظور کی گئیں۔حکومتی رکن اسمبلی شیخ علاوٴالدین کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب میں اس وقت 80لاکھ سے زائد افراد منشیات کی دلدل میں پھنس چکے ہیں اور زیادہ تر منشیات کا استعمال تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز میں ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں منشیات کی بڑھتی ہوئی تباہ کاریوں کے معاشرہ پر اثرات کا فوری تدارک کیا جائے اور ایسا لائحہ عمل اپنایا جائے کہ نوجوان نسل منشیات کی لعنت سے بچ سکے۔ دوسری قرارداد بھی حکومتی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی طرف سے پیش کی گئی جس میں یہ کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام ٹی وی چینلز پرزیادتی کا شکار لڑکیوں اور خواتین کی فوٹیج بار بار دکھانے پر پابندی عائد کی جائے ۔

تیسر ی قرار داد صوبائی وزیر قانون مجتبیٰ شجاع الرحمن کی طرف سے پیش کی گئی ۔یہ قرار داد آوٴٹ آف ٹرن ایوان میں پیش کی گئی جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر زاور ڈپٹی سپیکر زکو ڈپلو میٹک اور ممبران اور اسمبلی کے سینئر افسران کو کو بلیو پاسپورٹ جاری کئے جائیں ، مذکورہ تینوں قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ ڈاکٹر وسیم اختر کی قرارداد ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے موخر کر دی گئی ۔کنول نعمان کی معذور افرداد سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے مسترد جبکہ نگہت شیخ کی قرارداد واپس کر دی گئی۔