شیخ رشید اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے سے پہلے بتائیں ‘پی ٹی آئی والے اپنے استعفے واپس کب لے رہے ہیں ‘ رانا ثناء اللہ

منگل 21 اکتوبر 2014 15:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) سابق وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے سے پہلے بتائیں ‘پی ٹی آئی والے اپنے استعفے واپس کب لے رہے ہیں طاہرالقادری اور ہمارے خلاف مقدمات کی تحقیقات میر ٹ پر ہونی چاہیے ،مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں جو جہاں سے استعفیٰ دے گا وہاں ضمنی الیکشن ہوگامنگل کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہرراولپنڈی میٹروبس منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید احمد اپوزیشن لیڈربننے سے پہلے یہ بتائیں کہ وہ تحریک انصاف کے استعفٰے کب واپس لے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے دینے والے صرف تین دن کیلئے آئے تھے اب ان کو دو ماہ ہوگئے ہیں سوائے انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سول نافرمانی کی کال کو عوام نے مسترد کردیا ہے ،اب عمران خان جلسے کرکے کوشش کررہے ہیں کہ وہ ایوان میں دوبارہ آجائیں ،رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت مڈٹرم انتخابات کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ جو اراکیں جہاں جہاں سے استعفٰے دیں گے وہاں آئین کے مطابق ضمنی انتخابات کروادیئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں دھواں دھار تقریر تو کی لیکن جاوید ہاشمی کی طرح استعفٰیٰ نہیں دیا سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان کو ڈوپ ٹیسٹ کروائیں اور اپنے بچوں کی اصل تعدادعوام کو بتائیں تو ان کی شاگردی اختیار کرلوں گا ۔حنیف عباسی نے کہا کہ میاں نوازشریف کے اثاثے الیکشن کمیشن میں موجود ہیں اگر وہ غلط ثابت ہوتے ہیں تو اعتراض کرنے والے عدالت میں جائیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو زکوٰة لینے کی عادت پڑ گئی ہے وہ کسی کو کچھ نہیں دے سکتے ۔