سپریم کورٹ آف پاکستان نے سزائے موت کے قانون کو ختم کیے جانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی

پیر 20 اکتوبر 2014 23:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سزائے موت کے قانون کو ختم کیے جانے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔ درخواست گزار بیرسٹر ظفر اللہ خان نے برطانوی میڈیا کو کو بتایا کہ انھوں نے یہ درخواست 2011 میں عدالت عظمیٰ میں دائر کی تھی تاہم غلط فہمی اور اعتراضات کی بنا پر اسے سماعت کے لیے منظور نہیں کیا گیا تھا۔

ان کو غلط فہمی تھی کہ اس سے قبل کوئی پٹیشن دائر ہو چکی ہے2008 میں اخبارات میں لکھا گیا کہ حکومت نے 7000 آدمیوں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیلی کر دی ہے، اس پر از خود نوٹس لیا گیا تھا عدالت کا موقف تھا کہ ایک پٹیشن کی موجودگی میں دوسری نہیں سنی جا سکتی۔‘انھوں نے بتایا کہ پیر کو سپریم کورٹ نے اپنے اعتراضات کو خارج کیا  سزائے موت سے ہی متعلق ان کی ایک اور درخواست پر سپریم کورٹ کا لارجر بینچ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ظفراللہ کے مطابق پاکستان میں اس وقت تقریباً 9 ہزار ایسے قیدی بھی موجود ہیں جو 12 سے 30 سال کی قید بھگت چکے ہیں جو کہ عمر قید سے زیادہ ہے۔ان کا موقف ہے کہ کسی کو سزائے موت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی پاکستان کے آئین میں لکھا ہے اور نہ ہی مذہب اسلام سمیت دیگر مذاہب میں سزائے موت کی بات کی گئی ہے۔وطن پارٹی کے چیئر مین ظفر اللہ نے کہا کہ سزائے موت کے قانون میں پیسے والے شخص کو تو چھوٹ مل جاتی ہے لیکن غریب کو سزا ملتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسی مثالیں موجود ہیں کہ ناکافی شواہد اور سزا کے طریقہ کار میں غلطی کی وجہ سے بے گناہ شخص کی جان چلی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ قید کی سزا سزائے موت سے زیادہ سخت ہے اس میں مجرم کو سزا دینے کے ساتھ ساتھ اس کی اصلاح بھی کی جا سکتی ہے۔معاشرہ اجتماعی دانشمندی کا مظاہرہ کرے اور بنیاد پرستی سے نکل کر سوچے۔ بنیاد پرستوں سے پوچھیں کہ کیا اسلام میں یہ سزا تھی؟دوسری جانب انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ایچ آر سی پی کی پاکستان میں سربراہ زہرہ یوسف نے سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت کے قانون کے خلاف دائر درخواست کو قابلِ سماعت قرار دینے کے فیصلے کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پچھلے برسوں میں عدالت کا رویہ اس معاملہ پر بہت قدامت پسندانہ تھا، درخواست کو منظور کیا جانا ایک طرح سے شروعات ہے اور امید ہے کہ فیصلہ سزائے موت کے خلاف ہوگا۔انہوں نے کہاکہ 8 ہزار سے زائد لوگ موت کی سزا سننے کے بعد اس کے منتظر ہیں۔ پاکستان میں سزائے موت کے قانون کو اگر ختم کیا جائے تو عوام کا رد عمل کیا ہوگا؟اس سوال کے جواب میں زہرہ یوسف نے کہا اگر اپ عوامی رائے لیں تو زیادہ تر کا جواب اس سزا کو برقرار رکھنے کیلئے ہوگا۔

اکثریت چاہتی ہے کہ ہر مجرم کو سخت سے سخت سزا دی جائے، مگر اس قانون کے خلاف یہ دلیل دی جاتی ہے کہ 130 سے زائد ممالک میں جہاں موت کی سزا ختم ہوئی وہاں جرم کی شرح بڑھی نہیں۔زہرہ یوسف کے مطابق موت کی سزا ختم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ جو جرم کرے اسے چھوڑ دیا جائے، اس کے لیے دوسرے آپشنز کو استعال کیا جا سکتا ہے ۔’عمر قید کی سزا دی جا سکتی ہے، یہاں پر تحقیقات کا طریقہ کار بہت کمزور ہے زبردستی اور تشدد کر کے اعتراف جرم کروایا جاتا ہے۔