قومی اسمبلی کی ملالہ یوسفزئی کو امن کا نوبل انعام 2014ء ملنے پر مبارکباد

پیر 20 اکتوبر 2014 23:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) قومی اسمبلی نے ملالہ یوسفزئی کو امن کا نوبل انعام 2014ء ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملالہ کی ناخواندگی اور انتہا پسندی کے خلاف آواز ہمت اور حوصلہ اور امید کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل انعام ملنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور لڑکیوں کی تعلیم کے لئے ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔

ملالہ کی ناخواندگی اور انتہا پسندی کے خلاف آواز ہمت اور حوصلہ اور امید کی علامت ہے۔ یہ ایوان ملالہ کی خدمات کو دنیا بھر میں سراہے جانے پر فخر کا اظہار کرتا ہے۔ تعلیم کے حوالے سے آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کے حوالے سے بھی ایوان سے بھرپور عزم کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ایسی پالیسیاں اور پروگرام متعارف کرائے جائیں گے جن سے بچوں کی تعلیم کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔ ایوان نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔