سینیٹر عبدالرحمن ملک اور وزیراعلیٰ سندھ کی آصف علی زرداری سے ملاقات، ایم کیو ایم سے بات چیت کا اختیار عبدالرحمن ملک کو سونپ دیا گیا

پیر 20 اکتوبر 2014 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر عبدالرحمن ملک نے پیر کو بلاول ہاؤس میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کی سندھ حکومت پر غور کیا گیا۔ بلاول ہاؤس ذرائع کے مطابق پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم سے بات چیت کا اختیار سینیٹر عبدالرحمن ملک کو دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق مفاہمتی عمل کو برقرار رکھنے اور سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ سے روابط بحال کرنے کے لئے عبدالرحمن ملک کو ایک بار پھر ٹاسک دیا گیا ہے۔

امکان ہے کہ سینیٹر عبدالرحمن ملک جلد ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کریں گے اور دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات کو حل کرنے کو شش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالرحمن ملک اس سلسلے میں گورنر سندھ سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں اورامکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ عبدالرحمن ملک ایم کیو ایم کے قائد سے ملاقات کے لئے لندن بھی جاسکتے ہیں۔