آئندہ تین ماہ میں ایل این جی کی درآمد کے بعد گیس کے شعبے میں صورتحال بہتر ہو جائے گی ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، سی این جی سیکٹر کو براہ راست ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی ،قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات ، ، الیکشن کمیشن نے گزشتہ انتخابات کی جائزہ رپورٹ تیار کرلی ہے ، سفارشات پر انتخابی اصلاحات کمیٹی کام کررہی ہے ، شیخ آفتاب

پیر 20 اکتوبر 2014 21:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اکتوبر۔2014ء) قومی اسمبلی کوبتایا گیا ہے کہ آئندہ تین ماہ میں ایل این جی کی درآمد کے بعد گیس کے شعبے میں صورتحال بہتر ہو جائے گی‘ سی این جی سیکٹر کو براہ راست ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی ، الیکشن کمیشن نے گزشتہ انتخابات کی جائزہ رپورٹ تیار کرلی ہے ، سفارشات پر انتخابی اصلاحات کمیٹی کام کررہی ہے ۔

پیر کو قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی لگایا جاتا ہے اس کے علاوہ کمپنیوں کا منافع ہے جسے حکومت ختم نہیں کر سکتی۔ شکیلہ لقمان کے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت گیس کی پیداوار کیلئے نئے ذخائر کی تلاش کے اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک چار ملین کیوبک فٹ کی پیداوار ہے۔ ایل این جی کی درآمد کے بعد اسے سی این جی کو ترسیل کی جائے گی۔ تازہ کھدائی کی تلاش کے نتائج چار یا پانچ سال کے بعد سامنے آئیں گے۔ اگلے تین ماہ میں ایل این جی گیس پاکستان میں درآمد شروع ہو جائے گی جبکہ سی این جی والے خود بھی ایل این جی درآمد کرکے فروخت کر سکیں گے۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 11 مئی 2013ء کے انتخابات کے بعد کل 403 انتخابی عذرداریاں ٹریبونلز میں دائر کی گئیں جن میں سے 317 کے فیصلے کردیئے گئے۔

86 میں فیصلے زیر التواء ہیں۔ 31 دسمبر تک تمام عذرداریوں کے فیصلے سنا دیئے جائں گے۔ ٹریبونلز کمیشن کے ماتحت نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ انتخابات کی جائزہ رپورٹ تیار کرلی ہے جس میں انتخابی اصلاحات کی سفارش کی گئی ہے۔ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پارلمانی کمیٹی کام کر رہی ہے۔ اس کی رپورٹ کا بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی کوشش ہے کہ جلد از جلد اصلاحات کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ کمیٹی تمام سٹیک ہولڈرز سے تجاویز لے رہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن سے بھی مشاورت کی جارہی ہے۔