نو منتخب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے حلف اُٹھا لیا ،نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں

پیر 20 اکتوبر 2014 20:51

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) نو منتخب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے حلف اُٹھا کر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔اُن کے اس انتخاب کی توثیق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کی تھی۔گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی  بلڈنگ میں ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب میں شمس الرحمان سواتی نے آ ئندہ سیشن کے لیے حلف امارت اُٹھایا۔

حلف کی تقریب میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران ارکان و کارکنان اور برادر تنظیمات کے عہدیداروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب مولانا عبد الجلیل نقشبندی  سابق امیر ضلع راولپنڈی سجاد احمد عباسی  جنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد  میجر (ر) محمد منیر اعظم اور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

شمس الرحمان سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر جو ذمہ داری ڈال دی گئی ہے  میں اپنے آپ کو اس کے قابل نہیں سمجھتا ۔

علم  تقویٰ اور صلاحیتوں کے اعتبار سے مجھ سے زیادہ اہل لوگ جماعت اسلامی میں موجود ہیں۔آ پ لوگوں نے میری رہنمائی بھی کرنی ہے اورقدم قدم پر آپ کا تعاون بھی مجھے درکار ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اعلائے کلمتہ اللہ کی ایک عالمی تحریک ہے  جس کا مقصد اللہ کے دین کا نفاذ اور ایک اسلامی معاشرے کی تشکیل ہے۔ مدینہ کی اسلامی ریاست ہمارے لیے ماڈل کا درجہ رکھتی ہے ۔

اللہ کے دین کی دعوت ہر فرد تک پہنچانا ہمارا دینی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلای سراج الحق کی قیادت میں ہر طبقہ فکر کے افراد کو ساتھ ملا کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ملک بنا ئیں گے۔ شمس الرحمان سواتی نے کہاکہ سابق امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاد احمد عباسی کے ساتھ جو ٹیم کام کر رہی تھی وہ تما م ساتھی اُسی طرح اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :