سندھ اسمبلی،چار قرار دادیں اتفاق رائے سے منظور کر لیں

پیر 20 اکتوبر 2014 20:26

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء ) سندھ اسمبلی نے پیر کو چار قرار دادیں اتفاق رائے سے منظور کر لیں ، جن میں کپاس اور چاول کی امدادی قیمت مقرر کرنے اور سندھ میں ترجمے کا ایک بڑا ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام ملنے پر مبارک باد دی گئی اور بھارتی فوج کی طرف سے پاکستان کے شہری علاقوں پر حملوں کی مذمت کی گئی ۔

پہلی قرار داد پاکستان پیپلز پارٹی کے سید ناصر حسین شاہ نے پیش کی ، جس میں سندھ اسمبلی میں یہ سفارش کی کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرے اور اس سے کہے کہ کپاس کی امدادی قیمت ایک ہزار روپے فی 40 کلو گرام اور چاول کی امدادی قیمت 500 روپے فی 40 کلو گرام مقرر کی جائے ۔ دوسری قرار داد پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ارم خالد نے پیش کی ، جس میں ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام ملنے پر مبارک باد پیش کی گئی ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں کہا گیا کہ یہ غیر معمولی تاریخی کامیابی ملالہ یوسف زئی کی ان کوششوں اور خدمات کا اعتراف ہے ، جو انہوں نے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے انجام دیں ۔ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ، اس سے پاکستان میں تعلیم کے فروغ خصوصاً ان علاقوں میں تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی ، جہاں خواتین شہری کی حیثیت سے اپنے مساوی حقوق سے محروم ہیں ۔

تیسری قرار داد پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے پیش کی ، جس میں سندھ اسمبلی نے پاکستان کے شہری علاقوں پر بھارتی فوج کے حملوں اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی ، جس میں 12 پاکستانی شہری شہید ہو گئے ۔ قرار داد میں اسمبلی نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ، جس نے اس صورت حال کا بہادری سے مقابلہ کیا اور بھارتی فوج کے حملوں کا جواب دیا ۔

چوتھی قرار داد پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن مہتاب اکبر راشدی نے پیش کی ، جس میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ سندھ میں دانشورانہ اور تعلیمی نشاة ثانیہ کے لیے ترجمے کا ایک ادارہ قائم کیا جائے ، جو فلسفہ ، تاریخ ، قدرتی اور سماجی علوم ، فنون ، ادب ، مذہب اور دیگر علوم پر عالمی کلاسیک کا سندھی میں ترجمہ کریں اور سندھی ادب کا دوسری زبانوں میں ترجمہ کرے ۔ اس ادارے کو محمد ابراہیم جویو کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ بعد ازاں اسپیکر نے اجلاس منگل کی صبح تک ملتوی کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :