بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز ہے تو بے گناہ مزدوروں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ‘ تحریک انصاف پنجاب

پیر 20 اکتوبر 2014 20:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری ، جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لسبیلہ (بلوچستان ) پنجاب سے تعلق رکھنے والے آٹھ مزدوروں کو دہشت گردی کانشانہ بنائے جانے والے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز ہے تو فوری طور پر ان بے گناہ مزدوروں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ، نوازشریف کی حکومت کی موجودگی میں ایسے پہلے کئی افسوسناک واقعات رونماء ہو چکے ہیں لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، یہ دہشت گردی کا واقعہ بلوچستان اور وفاق میں اقتدار کے مزے لوٹنے والے حکمرانوں کے منہ پرطمانچہ ہے ،تحریک انصاف دہشت گردی کے واقعے میں قتل ہونے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔