ایم کیو ایم مہمان ہے جو آتی جاتی رہتی ہے ،کئی بار حکومت کو چھوڑا پھر واپس بھی آ گئی،سندھ میں ہر دور میں ایم کیو ایم کا گورنر رہا، اعتزا زاحسن

پیر 20 اکتوبر 2014 18:59

ایم کیو ایم مہمان ہے جو آتی جاتی رہتی ہے ،کئی بار حکومت کو چھوڑا پھر ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کنپٹی پر بندوق رکھ کر استعفے لینے کا دور گزر گیا ،آئین میں مڈٹرم انتخابات کی کوئی گنجائش نہیں ،ایم کیو ایم متعد د بار ناراض ہو کر گئی لیکن پھر واپس بھی آ گئی ،مسلم لیگ (ق) صرف چار خیموں والی جماعت بن چکی ہے اور طاہر القادری کے جلسے میں اس کا ایک بھی خیمہ نہیں تھا ، مینار پاکستان کے جلسے کی صورتحال سے ڈاکٹر طاہرا لقادری کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔

ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزا زاحسن نے کہا کہ ملک میں مڈٹرم انتخابات ہو رہے ہیں او رنہ ہی مارشل لگے گا ۔عدلیہ مارشل لاء کے خلاف پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ دور گزر گیا جبکہ کنپٹی پر بندوق رکھ کر استعفیٰ لیا جاتا تھا اس لئے عمران خان کو وزیراعظم کے استعفے کے معاملے پر پیچھے ہٹنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

مڈٹرم انتخابات اور استعفیٰ وزیر اعظم نواز شریف کی صوابدید ہے ۔

انہوں نے ایم کیو ایم کی سندھ حکومت سے علیحدگی کے اعلان کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم مہمان ہے جو آتی جاتی رہتی ہے، ایم کیو ایم نے پہلے بھی کئی بار حکومت کو چھوڑا اور واپس بھی آ گئی ،سندھ میں ہر دور میں ایم کیو ایم کا گورنر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری نے بظاہر اچھا جلسہ کیا لیکن کارکنوں میں کوئی جوش و خروش نہیں تھا جس سے ڈاکٹر طاہر القادری کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔

میڈیا کو دکھانا چاہیے کہ طاہر القادری کے وہ بیانات دکھانے چاہئیں جس میں وہ کہتے تھے کہ اگست میں حکومت چلی جائے گی ۔ میڈیا شہباز شریف کے چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے بھی دکھائے ۔ انہوں نے اسحاق ڈار اور طاہر القادری کے صاحبزادے کی دبئی میں ملاقات او رمعاہدے کی خبروں کے سوال کے جواب میں کہا کہ میرے پاس اس کی کوئی اطلاع نہیں اس لئے میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا۔