حکمران سیاسی مخالفین کی نگرانی کرنے کی بجائے دہشتگردوں پر نظر رکھیں ‘ میاں محمود الرشید

پیر 20 اکتوبر 2014 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء ) قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کور کمیٹی ممبر میاں محمود الرشید نے بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے قتل عام پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔گزشتہ روز اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پنجاب کے شہریوں کے قتل کا یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی لاتعداد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

پنجاب کے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی اور افسوس پنجاب کے وزیراعلیٰ کو اپنے صوبہ کے شہریوں کے قتل عام پر مذمت کرنے کی توفیق بھی نہ ہوئی اور 48گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو فون کر کے صورتحال کی سنگینی پر کوئی ردعمل دیا اور نہ ہی لواحقین سے کوئی رابطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

عوام جاننا چاہتے ہیں حکومت اور اس کی رٹ کہاں ہے ؟۔

انہوں نے کہا کہ اس غارت گری کے پیچھے غیر ملکی دہشتگردوں کا ہاتھ ہے یا مقامی دہشتگردوں کا انہیں فی الفور گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سیاسی مخالفین کی ریکی اور نگرانی کرنے کی بجائے دہشتگرد عناصر پر نظر رکھیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل ہونیوالے مزدوروں کے لواحقین کو معاشی تحفظ دیا جائے اور ان کی ہر طرح کی مدد کی جائے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے صوبہ کے عوام اور وہاں روزگار کیلئے جانیوالے پاکستان کے ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ یہ پاکستان کے ہر شہری کا آئینی حق ہے کہ وہ روزگار اور رہائش کیلئے پاکستان کے کسی بھی صوبہ اور ضلع میں جائے اور اس کے آئینی حق کا تحفظ کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت معدنیات سے مالا مال صوبہ بلوچستان کو بدامنی اور انارکی کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے اور حکومت نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔