پارلیمانی کمیٹی کااجلاس،انتخابی اصلاحات 1283تجاویزموصول ، جائزہ لینے کیلئے زاہد حامد کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم

پیر 20 اکتوبر 2014 17:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء )انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کو 1283تجاویزموصول ہوگئیں جن کا جائزہ لینے کیلئے زاہد حامد کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ،کمیٹی کااجلاس 30 اکتوبرکو ہوگا،کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے انتخابی اصلاحات کب تک مکمل ہوں یہ کہنا قبل ازوقت ہے ۔پیر کو پارلیمانی کمیٹی کااجلاس سینیٹراسحاق ڈارکی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔

جسمیں الیکشن کمیشن اور وزارت داخلہ کے حکام شریک ہوئے ۔اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کمیٹی کوبریفنگ دی ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی اسحاق ڈار نے بتایا کہ 4ہزار صفحات پر مشتمل 1283تجاویز موصول ہوئی ہیں آئین میں ترمیم کیلئے 396عوامی نمائندگی ایکٹ 473پولیٹکل پارٹی ایکٹ کے حوالے سے 49اور انتخابات کے انتظامی معاملات کیلئے 312تجاویزموصول ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مختلف صوبوں کے حوالے سے بھی 312تجاویز کمیٹی کے سامنے رکھی گئی ہیں ۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ان تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیرزاہد حامد کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کی گئی جس میں انوشہ رحمان خان،سید نوید قمر،چودھری اعتزار احسن،میاں رضاربانی،سینیٹرطلحہ محمود ،آفتاب احمد خان شیرپاو‘ اور طارق اللہ شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اسمبلیوں سے مستعفی ہوچکی ہے اگر وہ اپنی تجاویز دینا چاہتے ہیں تو بطور پاکستانی دے سکتے ہیں تاہم ان کے 3ارکان اسمبلی میں موجود ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی 1283انتخابی تجاویز کا جائزہ لے گی جس کا اجلاس 30اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے تیار کی گئی اصلاحات کا مسودہ تمام ممبران کے سپرد کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آنیوالے الیکشن جدید ٹیکنالوجی کے تحت ہوں اور ہم یہ کام ملک وقوم کی خدمت کے طور پر کررہے ہیں جبکہ انتخابی اصلاحات کے لئے پارلیمنٹ کی قراردادبھی موجود ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا کام اپنی جگہ لیکن جو سسٹم چل رہا ہے اس کو روکا نہیں جاسکتا موجودہ قوانین کے تحت نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا جاسکتا ہے ۔