پی ٹی آئی غیر سنجیدہ جماعت ہے ،اسمبلی اجلاس میں موجود ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا‘ وزیر قانون پنجاب

پیر 20 اکتوبر 2014 17:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) صوبائی وزیر قانون میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی غیر سنجیدہ جماعت ہے اور اسکے اراکین نے بجٹ اجلاس اورقانون سازی کے لئے بھی کبھی سنجیدگی نہیں دکھائی اس لئے انکے اسمبلی اجلاس میں موجود ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائیگی،پنجاب اسمبلی کارواں سیشن سات سے دس روز تک جاری رہے گا جس میں ایک بل ، پانچ آرڈیننس پیش کئے جانے کے علاوہ معمول کی کارروائی بھی نمٹائی جائے گی ۔

پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پری سیشن پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ مجھے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کی مکمل رہنمائی اور سرپرستی حاصل ہے اور میرے پاس جتنے دن یہ ذمہ داری ہے میری کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ قانون سازی کرائی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوامی تحریک سے مذاکرات کر رہی ہے اور امید ہے کہ فریقین کسی نہ کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے ۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگلے چند روز میں اسکی تشکیل مکمل ہو جائے گی ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین کی طرف سے پنجاب اسمبلی کے سیشن میں شرکت نہ کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین نے بجٹ اجلاس میں جو کردار ادا کیا وہ سب کے سامنے ہے اورسب یہ بھی دیکھ چکے ہیں وہ قانون سازی میں بھی کس قدر سنجیدہ ہیں لہٰذا انکے اسمبلی میں ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے ہمت کریں اور اسپیکر کے سامنے پیش ہوں یا فلور پر آ کر استعفے دینے کا اعلان کریں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قائد ایوان کی پنجاب اسمبلی میں کم آنے کی وجہ انکی دیگر مصروفیات ہیں تاہم انکی کارکردگی باقی تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بہترہے تاہم اب وہ زیادہ سے زیادہ اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے ۔ ۔ انہوں نے کابینہ میں توسیع اور ردو بدل کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس سلسلہ میں عاشورہ کے بعد پیشرفت متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں اور وہ ابھی بھی اسمبلی کے ممبر ہیں۔