پرویز خٹک بے اختیار وزیراعلیٰ ہیں ،پختون قوم کی قسمت کے فیصلے بنی گالہ میں پنجابی لیڈرشپ کررہی ہے ،امیرحیدرخان ہوتی

پیر 20 اکتوبر 2014 16:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) سابق وزیراعلیٰ اور اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدرخان ہوتی ایم این اے نے کہا ہے کہ پرویز خٹک بے اختیار وزیراعلیٰ ہیں ،پختون قوم کی قسمت کے فیصلے بنی گالہ میں پنجابی لیڈرشپ کررہی ہے ،پنجاب کے تخت کی جنگ میں پختون پس رہے ہیں ،بنی گالہ سے اختیارات واپس لاکر دم لیں گے وہ پیر کے روز باغ ارم مردان کے علاقہ بائی پاس کی مسجد مارکیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سینئر نائب صدرحاجی گل محمد ماندوری ،ممتاز ماندوری ، محمد اقبال ماندوری ،عباس ماندوری اوران کے ساتھیوں اور خاندان کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کررہے تھے جس سے پی کے 23کے رکن اسمبلی احمد بہادرخان، اے این پی کے ضلعی صدر حمایت اللہ مایار ،جنرل سیکرٹری حاجی لطیف الرحمان اورعمران ماندوری نے بھی خطاب کیا، امیرحیدرخان ہوتی نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں،اپنے خطاب میں امیر حیدرخان ہوتی کاکہنا تھاکہ تحریک انصاف نے پختونوں کو دھوکہ دیا پختون مسائل اورمشکلات کی چکی میں پس رہے ہیں اور عمران خان نئے پاکستان کے چکر میں پختون خوا کو ہی بھول گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اورپی ٹی آئی نے مرکز کی حکمرانی کے لئے پنجاب کو تختہ مشق بنادیاہے، انہوں نے کہاکہ پختونوں نے تحریک انصاف کے ایسے امیدواروں کو کامیابی دلائی جوکبھی کونسلر کی سیٹ نہیں جیت سکے تھے لیکن تبدیلی کے نام پر پختونوں کا مینڈیٹ چرایاگیا اوران کو دھوکہ دیاگیا انہوں نے کہاکہ مینڈیٹ پختونوں نے دیا اور فیصلے پختون خوا کی بجائے بنی گالہ میں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کررہے ہیں، پنجابی لیڈر پختونوں کے مسائل اور مشکلات کیا جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پختون قوم کے ساتھ عجیب کھیل کھیلا جارہاہے مسلم لیگ (ن) کو یہاں سے مینڈیٹ نہیں ملا تو میاں نوازشریف نے منہ موڑ لیا پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا تو عمران خان وعدے بھول گئے انہوں نے پی ٹی آئی اورمسلم لیگ (ن) کی لیڈرشپ سے اپیل کی کہ خدارا پختونوں کی حالت زار پر رحم کریں دونوں پارٹیاں حکومت میں ہیں اورخیبرپختون خوا کے عوام مسائل اورمشکلات کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، انہوں نے کہاکہ اے این پی پنجاب کی سیاست نہیں کرتی ہمیں پختونوں کی سیاست پر فخر ہے امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک صرف ناچ گانے میں ریکارڈ قائم کیا جواب تک نہ کسی نے قائم کیاتھا اورنہ ہی آئندہ کوئی وزیراعلیٰ توڑ سکے گا، سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہاں کے لوگوں کو بارشوں اورژالہ باری سے مشکلات اورنقصانات کا سامناہے جبکہ وزیراعلیٰ اور وزراء ڈیڑھ ماہ سے دھرنوں اور ناچ گانوں میں مصروف ہیں ،اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کی قیادت کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں حلقہ پی کے 23کے عوام نے انہیں 2008کے انتخابات میں میری شکل میں نوجوان قیادت کا انتخاب کیاجس کے بعد عوام کی دعاوٴں سے صوبے کا پہلا کم عمر وزیراعلیٰ منتخب ہوا اس طرح وہ اس لحاظ سے خوش قسمت بھی ہیں کہ صوبہ سرحد کے آخری اورخیبرپختون خوا کے پہلے وزیراعلیٰ کا اعزاز حاصل کیاانہوں نے مزید کہاکہ ماندوری خاندان کی اے این پی میں شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی انہوں نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ پختون قوم اپنے مسائل کے حل کے لئے سرخ جھنڈے تلے متحد ہوجائے کیونکہ اس کے سوا پختون قوم کے پاس کوئی راستہ نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :