پشاور ہائی کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس کی تقرری ؟ سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر

پیر 20 اکتوبر 2014 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) پشاور ہائی کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس کی تقرری کے لئے سپریم کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کر دی گئی ۔عدالت کو بتایا گیا کہ چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر ایک قتل کے مقدمے میں مداخلت کا الزام ہے جس کی بنیاد پر وزیر اعظم نواز شریف اور جسٹس مظہر عالم کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس میں مزید کارروائی کے لئے24 اکتوبر کی تاریخ مقرر ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار شاہد اورکزئی نے کہا کہ چیف جسٹس بذات خود قانون کی حکمرانی میں رکاوٹ بن چکے ہیں اور آئین کے آرٹیکل196 کے تحت وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی سے قاصر ہیں اور مذکورہ آرٹیکل کے تحت حالات صدر پاکستان کو ہائی کورٹ کے معمولات کی بحالی کے لئے قائم مقام چیف جسٹس کا تقرر کرنا لازم ہے ۔یاد رہے کہ آئین صدر کو یہ اختیار بھی دیتا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے کسی جج سے درخواست کریں کہ وہ وقتی طور پر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے فرائض ادا کریں ۔درخواست گزار نے واضح کیا کہ آئینی درخواست کو کسی جج کے خلاف بطور شکایت نہ پڑھاجائے کیونکہ درخواست کسی جج کے خلاف کسی تادیبی کارروائی کے لئے دائر نہیں کی گئی ۔درخواست میں جسٹس مظہر عالم کے ساتھ وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔