بلدیاتی انتخابات سے متعلق تینوں صوبوں نے اپنے جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرادئیے

پیر 20 اکتوبر 2014 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) بلدیاتی انتخابات سے متعلق تینوں صوبوں نے اپنے جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرادئیے ہیں جبکہ عدالت عظمیٰ نے صوبوں کو الیکشن سے متعلق اقدامات تیس اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی پیر کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سندھ اور پنجاب حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون سازی کا بل پیر کی شام اسمبلیوں میں پیش کردیا جائے گاجس کی منظوری کے بعد حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا جائے گا۔

ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو سونپا گیا ہے۔ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں الیکشن کی حتمی تاریخ ایک ماہ میں دے دیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ صوبوں کی حلقہ بندیاں 45 روز میں کرانا ممکن نہیں اس لئے عدالت پہلے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کرے تاہم عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن اور خیبرپختونخوا حکومت بلدیاتی انتخابات سے متعلق اقدامات کر کے رپورٹ ایک ماہ میں جمع کرائیں۔سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کے تقررکا معاملہ اورقانون سازی کے بعد بلدیاتی انتخاب کیلئے وقت دینے سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست بھی آئندہ سماعت تیس اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔