لسبیلہ ‘ مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11افراد جاں بحق ‘متعدد زخمی ‘ بعض کی حالت نازک

پیر 20 اکتوبر 2014 15:00

لسبیلہ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ‘صدر مملکت ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے اطلاعات کے مطابق لسبیلہ کی تحصیل اوتھل کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر کوچ ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار 8 مسافر موقع پر جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا ‘ 8 شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا گیا جہاں مزید 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جس کے بعد ٹریفک حادثے میں 11افراد جاں بحق ہوئے ہسپتال انتظامیہ کے ذرائع زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نوازشریف نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے واضح رہے کہ رواں سال 22 مارچ کو حب میں آر سی ڈی شاہراہ پر دو مسافر بسوں اور ایک گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم سے کم 36 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے اس وقت حادثے کا شکار ہونے والی ان مسافر بسوں کی چھتوں پر پیٹرول کے ڈرم موجود تھے اور تصادم کے بعد ان میں آگ لگ گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :