مینار پاکستان جلسہ میں پاکستان مسلم لیگ کی بھرپور شرکت،ہزاروں مسلم لیگی کارکنوں کا ہجوم، پارٹی پرچموں کے ساتھ رقص کرتے رہے

پیر 20 اکتوبر 2014 13:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) مینار پاکستان کے جلسہ عام میں پاکستان مسلم لیگ نے بھرپور طریقے سے شرکت کی۔ مسلم لیگی رہنما اپنے اپنے جلوسوں کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچے۔ طارق بشیر چیمہ، چودھری ظہیر الدین، احمد یار ہراج، حلیم عادل شیخ، چودھری وجاہت حسین کے صاحبزادے حسین الٰہی، چودھری شفاعت حسین کے صاحبزادے محمد الٰہی، اجمل وزیر، ذوالفقار گھمن، خدیجہ عمر فاروقی، آمنہ الفت، سیدہ ماجدہ زیدی، کنول نسیم اور دیگر رہنماؤں سمیت ہزاروں کی تعداد میں مسلم لیگی کارکن موجود تھے۔

جلسہ گاہ آمد پر چودھری شجاعت حسین کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور کھڑے ہو کر نعرے لگائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سٹیج پر آمد پر چودھری شجاعت حسین کے ہمراہ پنڈال کے فلک شگاف نعروں میں ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک دوسرے کو چادر پہنائی اور تمام رہنماؤں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اظہار یکجہتی کیا۔

چودھری شجاعت حسین اور ڈاکٹر طاہرالقادری خوشگوار موڈ میں باتیں کرتے رہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی تقریر میں چودھری شجاعت حسین سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ جلسہ گاہ میں موجود مسلم لیگی پرچموں کا سائز بڑا تھا۔ اطراف میں مسلم لیگی رہنماؤں کے قد آور بینرز آویزاں تھے جن پر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کے خیر مقدمی نعرے درج تھے۔#

متعلقہ عنوان :