کراچی ‘سینٹرل جیل کو سرنگ کے ذریعے توڑنے کی سازش میں ایک اہم ملزم کی گرفتاری کا امکان، مقدمہ ایک ہفتہ بعد سرکاری مدعیت میں نامعلوم افرادکے خلاف درج

پیر 20 اکتوبر 2014 13:02

کراچی ‘سینٹرل جیل کو سرنگ کے ذریعے توڑنے کی سازش میں ایک اہم ملزم کی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) سینٹرل جیل کو سرنگ کے ذریعے توڑنے کی سازش میں ایک اہم ملزم کی گرفتاری کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق جیل میں قید کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے قیدیوں سے تفتیش کی روشنی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی اہم ملزم کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ ایک ہفتے بعد نیو ٹاؤن تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل سے متصل غوثیہ کالونی کے ایک مکان میں سرنگ کھودی گئی تھی جس کے ذریعے دہشت گردوں نے سینٹرل جیل تک پہنچ کر اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا، رینجرز نے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے اس سازش کو ناکام بنایا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2 درجن سے زائد افراد کو حراست میں لیا اور ان کی نشاندہی پر مزید کئی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں .

مذکورہ مکان فروخت کرنے والا علاؤ الدین عرف بھولو بھی گرفتار کیا گیا ، جیل میں قید کالعدم تنظیموں کے کارندوں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی جس کی روشنی میں آئندہ چند روز میں ایک اہم ملزم کی گرفتاری کا امکان ہے ، ملزم کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے، اس ملزم کے گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرا تنگ کردیا ہے، علاوہ ازیں واقعے کا مقدمہ ایک ہفتے بعد نیو ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں علاقہ ڈی ایس پی ناصر لودھی نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 316/14 بجرم دفعہ 130 109 ایکسپلوزو ایکٹ 4/5 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7-ATA کے تحت سابق ایس ایچ او نیو ٹاؤن خالد عباسی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے ۔13واضح رہے کہ13اکتوبر کو مذکورہ سازش ناکام بنانے کے حوالے سے رینجرز کے کرنل طاہر نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں انھوں نے متعدد افراد کو حراست میں لینے کا بھی دعوی کیا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر واقعے کا مقدمہ ایک ہفتے بعد بھی نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :