متحدہ کئی بار حکومت سے علیحدہ ہوئی،پھر واپسی ہوجاتی ہے: سعید غنی

اتوار 19 اکتوبر 2014 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماءسینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے پہلی بارحکومت سے علیحدگی کا فیصلہ نہیں کیا، آئے روز یہ پارٹی حکومت سے علیحدگی اختیار کرتی ہے اور پھر واپس آ جاتی ہے، متحدہ گالم گلوچ سے بھرپور الزامات عائد کرتی ہے اور اگلے روز اس پر معافی بھی مانگ لیتی ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ حکومت سے علیحدگی کے اعلان پر ان کا کہنا تھا کہ اصل وجہ یہ ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کو کراچی میں پیپلز پارٹی کا کامیاب جلسہ ہضم نہیں ہو ا اور تنقید کو برداشت کرنے کی بجائے غنڈہ گردی کرتے ہوئے حکومت سے علیحدہ ہو گئی ، متحدہ سمجھتی ہے کہ وہ حکومت میں ہو گی تو امن ہو گا اور اگر وہ علیحدہ ہو جائیں گے تو امن نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا لیڈر کون ہو گا، اس کا فیصلہ ہم کرتے ہیں ، متحدہ کے لوگ اس بات کا فیصلہ کرنے والے اور اس پر تنقید کرنے والے کون ہوتے ہیں؟