وزیر اعظم پاکستان نے ناصر جعفر کو پی آئی اے کا چیئر مین مقرر کر دیا

اتوار 19 اکتوبر 2014 21:45

وزیر اعظم پاکستان نے ناصر جعفر کو پی آئی اے کا چیئر مین مقرر کر دیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2014ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے ناصر جعفر کو پی آئی اے کا چیئر مین مقرر کر دیا ہے۔ وہ ایک منجھے ہوئے کاروباری شخص ہیں اور جعفر برادرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور جعفر گروپ آف کمپنیز کے چیئر مین ہیں۔ ان کی تقرری سے یہ توقع کی جارہی ہے کہ وہ اپنے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کو ترقی کی بلندیوں کی جانب لے جائیں گے اور پی آئی اے مسافروں کی امیدوں پر پورا اترے گی۔

چیئر مین پی آئی اے نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ قومی ایئر لائن کی ذمہ داریاں ان کے حوالے کی گئی ہیں اور میں پُر امید ہوں کہ پی آئی اے کو کاروباری حکمت عملی اور اپنے تجربہ کو کام میں لاتے ہوئے منافع بخش ادارے میں تبدیل کر دوں گا۔ان کا کہنا ہے پی آئی اے پاکستانیوں اور اس کے ملازمین کیلئے ہمیشہ فخر کا باعث رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ قومی ورثہ اور پاکستان کا مستقبل ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں اس عظیم ایئر لائن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس کو مستحکم کروں گا۔

ایک تجربہ کار کاروباری منتظم ہونے کے ناطے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ پی آئی اے کے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم اہداف کو حاصل کریں گے۔ یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ وہ بطور چیئر مین پی آئی اے تنخواہ اور مراعات نہیں لیں گے انہوں نے اپنا وقت ، تجربہ اور قابلیت پاکستان اور پی آئی اے کی ترقی کیلئے وقف کر دیا ہے۔ اس پہلے ناصر جعفر 3 جولائی سے یکم اگست 2013 تک پی آئی اے بورڈ کے ممبر رہے ہیں ۔

اس کے علاوہ وہ پی آئی اے بورڈ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی سٹیرنگ کمیٹی کے چیئر مین اور پی آئی اے بورڈ کی آڈٹ کمیٹی اور فلیٹ مینیجمنٹ کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔اس کے علاوہ بھی وہ مختلف کاروباری اداروں کے بورڈ میں شامل ہیں اور سماجی شعبہ اور صحت کے اداروں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ناصر جعفر نے کیلفورنیا پولی ٹیکنک سٹیٹ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے اور جعفر گروپ کو مضبوط کاروباری بنیادوں پر کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :