بھارت امریکہ کی شہ پر سرجیکل سٹرائیکس کے ذریعہ پاکستان میں اسلام پسندوں کو نقصان پہنچاناچاہتا ہے،حافظ محمد سعید ،پا کستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت اور پوری قوم ازلی دشمن بھارت کے مقابلہ کیلئے متحدو بیدار ہے،وطن عزیز پاکستان کی جانب کسی نے میلی نگاہ ڈالی تو منہ توڑ جواب دیاجائے گا، امیر جماعةالدعوة پاکستان

اتوار 19 اکتوبر 2014 20:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسرحافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت امریکہ کی شہ پر سرجیکل سٹرائیکس کے ذریعہ پاکستان میں اسلام پسندوں کو نقصان پہنچاناچاہتا ہے۔انڈیا یہ بات یاد رکھے! پراناجنگوں کا دور گزر چکا‘ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت اور پوری قوم ازلی دشمن بھارت کے مقابلہ کیلئے متحدو بیدار ہے۔

وطن عزیز پاکستان کی جانب کسی نے میلی نگاہ ڈالی تو منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔ جماعةالدعوة مختلف شہر وں و علاقوں میں ریسکیو سنٹر بنائے گی جہاں واٹر ریسکیو کی ٹیمیں بھی موجودہوں گی۔ کارکنان ملک کے کونے کونے میں ریلیف سرگرمیاں مزید تیز کریں اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بھرپور صلاحیتیں استعمال کی جائیں ۔

(جاری ہے)

وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعةالدعوة کے زیر اہتمام ملک بھر کے مرکزی، زونل،ضلعی و تحصیلی ذمہ داران کی ایک بڑی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، مولانا نصر جاوید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت سمیت تمام اسلام دشمن قوتیں یہ بات اچھی طرح جانتی ہیں کہ طاقت و قوت کے بل بوتے پرپاکستان کو شکست دینا آسان نہیں ہے اس لئے وہ پاکستان کو نقصانات سے وچارکرنے کیلئے مختلف حربے اختیا رکر رہے ہیں۔

کبھی تخریب کاری و دہشت گردی اور کبھی فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کو پروان چڑھایا جاتا ہے۔ ان کی پوری کوشش ہے کہ مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کر دیا جائے تاکہ وہ یہاں اپنے مذموم ایجنڈے پورے کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیاسی پارٹیوں کے باہمی لڑائی جھگڑوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیرونی قوتوں نے پاکستان کے خلاف سازشیں تیز کر رکھی ہیں۔

سب مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اس نازک صورتحال کا ادراک کرنا چاہیے اورملک میں اتحادویکجہتی کی فضاپیداکرنے کی کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ دشمن ملک میں پائے جانے والے انتشار سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی دریاؤں پر غیر قانونی ڈیموں کی تعمیریا کنٹرول لائن پر جارحیت کا مسئلہ ہو‘ بھارت کو امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

نریندر مودی کی امریکی صدر اوبامہ سے ملاقات کے دوران پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس جیسے خفیہ منصوبے بنائے گئے ہیں۔ افغانستان میں شکست پر بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی سبھی سخت پریشان ہیں اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں لیکن دشمنان اسلام کے یہ منصوبے ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہو ں گے۔انہوں نے کہاکہ جماعةالدعوة کے کارکنان ملک کے کونے کونے میں جاکر دعوتی اور ریلیف سرگرمیوں کو منظم کریں۔

دین اسلام کی دعوت پہنچانے کے ساتھ ساتھ مصائب و مشکلات میں مبتلا بھائیوں کی خدمت کرنا بھی ہم سب پر فرض ہے۔ افسوسناک امریہ کہ اسلام دشمن قوتوں کو ہمارا ریلیف کا کام کرنا بھی برداشت نہیں ہے۔ اس حوالہ سے مغربی میڈیاکے بے بنیاد پروپیگنڈا ‘سے متاثر نہیں ہونا بلکہ اس عمل کو دین اسلام کی خدمت سمجھتے ہوئے سرانجام دینا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کا آخرت میں بھی اجر دے گا اور دنیا میں بھی دشمن کی سازشوں سے محفوظ رکھے گا۔