Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے سرگودھا میں ہونے والے جلسہ کے موقع پر سٹیڈیم میں گرائی جانے والی دیواروں کو جلسہ کے بعد مکمل طور پر تعمیر کرنے کا تحریری معاہدہ کرنے کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے دیواروں کی تعمیر کا کام شروع نہ ہو سکا

اتوار 19 اکتوبر 2014 19:12

پاکستان تحریک انصاف کے سرگودھا میں ہونے والے جلسہ کے موقع پر سٹیڈیم ..

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائد کے سرگودھا میں ہونے والے جلسہ کے موقع پر سٹیڈیم میں گرائی جانے والی دیواروں کو جلسہ کے بعد مکمل طور پر تعمیر کرنے کا تحریری معاہدہ کرنے کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے دیواروں کی تعمیر کا کام شروع نہ ہو سکا‘ جس پر ضلعی انتظامیہ نے اسٹیڈیم کو غیر محفوظ اور سکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیداران سے رابطہ کر لیا‘ اسٹیڈیم میں کھیلنے والے مقامی کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا‘ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے عہدیداران کے درمیان حال ہی میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ جس میں عمران خان نے خطاب کیا سے قبل ایک معاہدہ طے پایا جس میں سانحہ ملتان کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹیڈیم کے گیٹوں کو وسیع کرنے کے لئے دیواریں اور کمرے گرا دیئے گئے تحریک انصاف کے ضلعی صدر جن سے مقامی کارکنان اور عہدیداران بھی خاصے ناراض نظر آتے ہیں نے بڑھ چڑھ کر وعدے کیے‘ عمران خان کا جلسہ گزر گیا‘ اتوار کے روز شام تک سٹیڈیم میں گرائی جانے والی دیواروں کی تعمیر کا کام مکمل تو نہیں شروع بھی نہ ہو سکا جس پر مختلف تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں نے کہا کہ عمران خان کا حالیہ جلسہ ہمارے مقامی نوجوانوں کی طرف سے اسٹیڈیم میں کھیلوں کے درمیان بھی رکاوٹیں کھڑی کر گیا ہے کیونکہ انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے عہدیداران کے درمیان ان دیواروں کو فوری طور پر جلسہ کے بعد تعمیر کروانے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی‘ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ معاہدہ کو حتمی شکل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے عہدیداران نے ان کو مکمل کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے آئندہ ایک دو روز میں توقع ہے کہ وہ اس پر عملدرآمد کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف کے ضلعی صدر سے بار بار رابطہ کیا گیا مگر ٹیلیفون اٹینڈ نہ کرنے اور ان کے آفس میں موجود نہ ہونے کے بارے میں ان کا موٴقف معلوم نہ ہو سکا‘ مزید برآں عوامی‘ سیاسی حلقوں میں اس بارے میں مزید چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات