وزیراعلیٰ پنجاب سے شیرازی برادران کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعہ 17 اکتوبر 2014 23:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سندھ سے تعلق رکھنے والے شیرازی برادران نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور اور توانائی بحران جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ پاک افواج نے امن کے دشمنوں کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور انشاء اللہ پاکستان جلد امن کا گہوارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں نے معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ دھرنے دینے والوں کے ناپاک عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں۔ دھرنے دینے والے ہوش کے ناخن لیں اور ملک و قوم کے حال پر رحم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت کو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ عوام کی بے لوث خدمت اور ان کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے سید ایاز علی شاہ شیرازی، ایم پی اے سید اعجاز علی شاہ شیرازی، سابق ایم این اے سید شفقات حسین شیرازی ، سید ریاض حسین شیرازی اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) ٹھٹھہ حاجی حنیف میمن شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :