ہاتھ دھونے کا عالمی دن کل منایا جا رہا ہے

منگل 14 اکتوبر 2014 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن کل /15اکتوبر کو منایا جا رہا ہے،ہاتھ دھونے کی عادت کے ذریعہ اسہال/پیچش سے محفوظ رہا جا سکتا ہے جسکی وجہ سے سالانہ اڑھائی لاکھ پاکستانی بچے موت کا شکار ہو جاتے ہیں،پیما نے حفظانِ صحت منصوبے کے تحت دیہی علاقوں میں 61,061افرادکو ہاتھ دھونے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی عملی تربیت دی، یہ بات پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور حفظان صحت پروجیکٹ کے انچارج ڈاکٹر عبدالعزیز میمن نے رپورٹ کے اجراء کے موقع پر گفتگو میں کیا۔

انہوں نے بتا یاکہ پیما کے شعبہ ریلیف کا پروجیکٹ برائے حفظانِ صحت اب تک سندھ میں خیرپور اور شکار پوراور پنجاب میں رحیم یار خان میں اس منصوبے کو مکمل کر چکا ہے جہاں لوگوں کو ہاتھ صاف رکھنے کی کی عملی تربیت فراہم کی گئی، پینے کا صاف پانی اور ہائی جین کٹس مہیا کی گئیں اورتوجہ دی گئی کہ اس تربیت کے نتیجے میں مستقلاً ان کے رویوں میں تبدیلی لائی جا سکے، اس کے ساتھ ساتھ انہیں پانی کو صاف رکھنے کے مختلف آسان طریقوں سے بھی اگاہ کیا گیا،انہوں نے بتایا کہ پیما کی ٹیمیں مسلسل 4ماہ تک اس پروجیکٹ کو ایک علاقے میں جاری رکھتی ہیں جس کے دوران گھر گھر مرد وخواتین کے الگ الگ تربیتی سیشنز بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے آغا ز سے قبل اور بعد میں پیما کی ٹیموں نے گھر گھر جا کر سروے بھی کئے جن کے نتائج کے مطابق لوگوں کی عادات و اطوار اور رویوں میں کئی گنا تبدیلی رونما ہوئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ہاتھ دھونے کے حوالے سے لوگوں کی آگہی 59فیصد سے بڑھ کر 92فیصد ہو گئی،پینے کے پانی کو صاف کر کے استعمال کرنے کے حوالے سے آگہی 22فیصد سے بڑھ کر 84فیصدہو گئی۔کھلے عام رفع حاجت کے رویئے میں 17فیصد تک کمی آئی ، جو کہ جراثیم پھیلنے کا واحد اور سب سے بڑا ذریعہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پیما پروجیکٹ کے بعد خیرپور، شکارپور اور رحیم یار خان میں صابن کیساتھ ہاتھ دھونے کی شرح دوگنا ہو گئی ہے۔#