کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد اور پانچ دیگر طالبان کمانڈرز کا داعش میں شمولیت کا اعلان

منگل 14 اکتوبر 2014 16:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد اور پانچ دیگر طالبان کمانڈرز نے داعش میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق بااثر قبائلی محسود گروپ نے 2013 میں ٹی ٹی پی کے نئے سربراہ ملا فضل اللہ کی اتھارٹی ماننے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے گزشتہ ایک سال کے دوران طالبان گروپوں کی آپس کی دشمنیوں کی وجہ سے گروپ کو شدید نقصان پہنچا۔

یہی وجہ ہے کہ ملا فضل اللہ کے امیر بننے کے بعد سے کئی دھڑوں نے علیحدگی کا بھی اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ وہ داعش کی جانے خلیفہ مقرر کیے جانے والے ابو بکر البغدادی کی بیعت کر رہے ہیں اور اب انہی کے احکامات کو مانیں گے ۔شاہد اللہ شاہد نے کہاکہ یہ بیعت پوری تحریک طالبان پاکستان یا اس کے امیر فضل اللہ کی جانب سے نہیں بلکہ یہ صرف ان کی اور ٹی ٹی پی کے پانچ امراء کی جانب سے ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والے دیگر پانچ کمانڈرز میں کرم ایجنسی، خیبرایجنسی، اورکزئی ایجنسی ، ہنگو اور پشاور کے امیر شامل ہیں ۔بیان کے مطابق ٹی ٹی پی کے امیر فضل اللہ نے خلافت اسلامیہ (داعش ) کی حمایت تو کی ہے تاہم ابھی تک بیعت نہیں کی۔