کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق

اتوار 12 اکتوبر 2014 23:45

کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اکتوبر۔2014ء) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔ شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز سے مقابلوں کے دوران گینگ وار کے پانچ کارندے بھی ہلاک ہوئے ہیں۔اورنگی ٹاون چشتی نگر میں فائرنگ سے سراج جاں بحق ہوا۔ نارتھ کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔

لانڈھی 6 نمبر میں موٹر سائیکل شوروم پر فائرنگ سے محمد اقبال نامی تاجر جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو بھتہ نہ دینے پر قتل کیا گیا۔ تاجر محمد اقبال کو بھتے کے لئے پرچیاں موصول ہو رہی تھیں۔ گلبہار تھانے کے علاقے خاموش کالونی میں فائرنگ سے ولید جاں بحق ہو گیا۔ اورنگی ٹاون کے علاقے قصبہ موڑ پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والے ایک شخص کو امان اللہ کے نام سے شناخت کیا گیا ۔ گلستان جوہر بلاک بارہ میں فلیٹ سے کاشف نامی نوجوان کی لاش ملی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کاشف نے خودکشی کی ہے۔ شاہ لطیف ٹاون میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ لیاری میں رینجرز سے مقابلے میں گینگ وار کا کارندہ مارا گیا۔ ملیر بھاون شاہ مزار کے قریب 2 گینگ وار گرہوں میں تصادم کے باعث علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ رینجرز اور پولیس سے مقابلے میں گینگ وار کا علاقائی کمانڈر ڈاکٹر شعیب اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا۔ ڈاکٹر شعیب کا تعلق گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سے آوان لانچر، 4 ایس ایم جیز، ایم پی 5، پولیس اور ایف سی کی واردیاں اور 3 دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :