Live Updates

چوہدری پرویز الٰہی کا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج

اتوار 12 اکتوبر 2014 21:54

چوہدری پرویز الٰہی کا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اکتوبر۔2014ء) چوہدری پرویز الٰہی نے شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج دے دیا، کہتے ہیں کہ حکمرانوں کی زبان اپنی فوج کے خلاف قینچی کی طرح چلتی ہے، نریندر مودی سے بات کرنے کی ہمت نہیں، نواز شریف کا اقتدار پر رہنا آئین اور عوام کیخلاف ہے، محب وطن پاکستانی انقلاب کا حصہ بنیں۔فیصل آباد میں کامیاب جلسے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ق لیگ کے رہنماء چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کے جانے کا فیصلہ دے دیا، حکومت نے لندن پلان کا ایک شوشہ چھوڑا تھا، اس پلان سے غریب عوام کو فائدہ پہنچے گا، شہباز شریف نے پنجاب کو مقروض کردیا، موجودہ حکومت کسانوں کی دشمن ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ہمارے دور میں اربوں روپے خزانے میں موجود تھے، کسانوں کو کھیتوں کے آخری سرے تک پانی پہنچایا، سستی کھاد اور ٹیوب ویل کے بلوں پر سبسڈی دی، آج ایک پنکھے اور بلب کا بل 15 ہزار روپے آتا ہے، موجودہ حکومت نے فیصل آباد کے 6 ارب روپے لاہور جنگلہ بس پر لگادیئے، ہمارے ایجنڈے کا محور عام آدمی ہوگا۔

(جاری ہے)

ق لیگ رہنماء نے کہا کہ نواز شریف کو کوئی خوف نہیں، کنٹرول لائن پر ہمارے لوگ شہید ہوئے، حکومت میں مودی کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرنے کی ہمت نہیں، اپنی فوج کیخلاف بات کرنی ہوتو ان کی زبانیں قینچی کی طرح چلتی ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی چینل پر مناظرہ کرلیں آپ کو بھگا نہ دیا تو میرا نام بدل دینا، نواز شریف کا رہنا آئین اور عوام کیخلاف ہے، محب وطن پاکستانی انقلاب کا حصہ بنیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات