Live Updates

عدالتی تحقیقات کا مطالبہ، لواحقین سے مل کر حوصلہ ملا، ملالہ یوسفزئی کو مبارکباددیتا ہوں: عمران خان

اتوار 12 اکتوبر 2014 18:56

عدالتی تحقیقات کا مطالبہ، لواحقین سے مل کر حوصلہ ملا، ملالہ یوسفزئی ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ کامیاب جلسے پر اہل ملتان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آج خوشی کا دن تھا، سانحے کی وجہ دلی دکھ ہوا اور ساری خوشی ماتم میں تبدیل ہو گئی، ہم نہیں چاہتے کہ لوگوں کی جانیں خطرے میں پڑیں، اس واقعے کی اپنے طور پر بھی تحقیقات کر رہے ہیں اور آئندہ جلسے میں واضح طور پر معاملات طے کریں گے تا کہ کوئی حادثہ نہ ہو سکے، کوشش کروں گا اسٹیج خود کنٹرول کیا کروں۔

سانحہ قاسم باغ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے بغیراسٹیڈیم کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا تھا، ہم چاہتے ہیںکہ سانحہ قاسم باغ کی تحقیقات ایک آزاد عدالتی کمیشن کرے کیونکہ انتظامیہ آزادانہ تحقیقات نہیں کر سکتی، یہ تو براہ راست ایک فریق ہیں، یہ جاننے کی ضرور ت ہے کہ لوگوں کے باہر نکلنے کے وقت گیٹ کیوں بند کئے گئے اور پتہ چلنا چاہئے کہ یہ تالا کس نے لگایا تھا؟ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے مل کر حوصلہ ملا ہے، ایک متوفی کارکن کے لواحقین نے امدادی رقم شوکت خانم ہسپتال کو دے دی، ایک متوفی کی والدہ نے بتایا کہ نے اس کا نام میرے نام پر رکھا گیا تھا، مجھے اس کارکن کی والدہ کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا ۔

(جاری ہے)

کپتان نے ملالہ یوسفزئی کو امن کا نوبل ایورڈ ملنے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کی تعلیم کے لئے بہت کوششیں کر رہی ہیں، ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر مظفر گڑھ میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے جاوید لغاری نے تحریک انصاف میں شمولیت کا علان بھی کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات