وی آئی پی کلچر کا ایک اورنمونہ ، کراچی جانیوالاپی آئی اے کاطیارہ اسلام آباد لینڈ کرگیا

جمعہ 10 اکتوبر 2014 12:09

وی آئی پی کلچر کا ایک اورنمونہ ، کراچی جانیوالاپی آئی اے کاطیارہ اسلام ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر 2014ء) عام مسافروں کے بعد حجاج کرام بھی وی آئی پی کلچر کی لپیٹ میں آگئے اور چند ’خواص‘ کو اُتارنے کیلئے قومی ایئرلائن کی جدہ سے کراچی جانیوالی پرواز کو اسلام آباد اُتاردیاگیا اور7گھنٹے سے زائد وقت گزرجانے کے باوجود آخری اطلاعات تک مسافراسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جدہ سے کراچی جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 732کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈکردیاگیا اور مسافروں کو طیارہ بدلنے کے پیغامات دیئے گئے جس پر طیارے میں سوارافراد مشتعل ہوگئے اور طیارہ خالی کرنے سے انکار کردیا۔

ذرائع نے بتایاکہ کچھ وفاقی وزراءکو گذشتہ روزحاجیوں کے ساتھ ملک واپس آنا تھالیکن وہ رات پونے بارہ بجے جدہ سے روانہ ہونے والی پرواز میں سوار ہوگئے اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے کراچی کی شیڈول پرواز کا رخ اسلام آباد موڑدیاگیااوراُترنے کے بعد مسافروں کو اندرون ملک پرواز کے ذریعے کراچی بھجوانے کا دلاسہ دیاگیااور جہاز سے نہ اُترنے کی صورت میں سول ایوی ایشن کا عملہ دھمکیوں پراُترآیا۔

(جاری ہے)

مسافروں کا کہناتھاکہ عملے نے واضح الفاظ میں کہاکہ متبادل جہاز دیں گے ، پی کے 732خود ہی خالی کردیں ورنہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز موجود ہیں جس کے بعد کئی گھنٹے گزرجانے کی وجہ سے اکتائے ہوئے مسافروں میں سے کچھ نے جہاز خالی کردیاجبکہ کچھ ڈٹے رہے ۔ مسافروں نے موقف اپنایاکہ اُن کے عزیزواقارب صبح چار بجے سے کراچی ایئرپورٹ پر منتظر ہیں لیکن تین بجے پرواز اسلام آباد ہی لینڈ کرگئی ، جس جہاز کا ٹکٹ لیاگیاہے ، اُسی میں کراچی پہنچایاجائے کیونکہ شیڈول کراچی کیلئے تھی توچاہیے تھاکہ کراچی جانے کے بعد اگر ’وی آئی پی کلچر‘ ختم نہیں کرناچاہتے تو یاپس اسلام آباد یہی پروازلے آتے ۔


اس سارے معاملے میں ابتدائی طورپر باضابطہ پی آئی اے کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

یادرہے کہ اس سے قبل کراچی میں بھی پرواز تاخیر کا شکار رہی تھی اور پھر مسافروں نے سابق وزیرداخلہ رحمان ملک اور حکومتی وزیر رمیش کمار کو طیارے میں سوار ہونے سے ہی روکدیاتھا جس کی ویڈیو بھی سامنےآگئی تھی ۔

متعلقہ عنوان :